ظہیر صدیقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
خواب گاہوں سے اذان فجر ٹکراتی رہی (غزل)
خواب گاہوں سے اذان فجر ٹکراتی رہی
دن چڑھے تک خامشی منبر پہ چلاتی رہی
ایک لمحہ کی خطا پھیلی تو ساری زندگی
چبھتے ذرے کانچ کے پلکوں سے چنواتی رہی
کب یقیں تھا کوئی آئے گا مگر ظالم ہوا
بند دروازے کو دستک دے کے کھلواتی رہی
لمس حرف و صوت کی لذت سے واقف تھی مگر
پہلوئے آواز میں تخئیل شرماتی رہی
صورتیں ایسی کہ جن کے اک تصور سے ظہیرؔ
جسم کے دریا کی اک ایک موج بل کھاتی رہی
سوکھے ہوئے پتوں میں آواز کی خوشبو ہے (غزل)
سوکھے ہوئے پتوں میں آواز کی خوشبو ہے
الفاظ کے صحرا میں تخئیل کا آہو ہے
جاتے ہوئے سورج کی اک ترچھی نظر ہی تھی
تب شرم کا سندور تھا اب ہجر کا گیسو ہے
مسحور فضا کیوں ہے مجبور صبا کیوں ہے
رنگوں کے حصاروں میں نغمات کا جادو ہے
موجوں سے الجھنا کیا طوفاں سے گزرنا کیا
ہر ڈوبنے والے کو احساس لب جو ہے
اس دور خرد میں بھی اے کاش یہ ممکن ہو
تو سوچے کہ بس میں ہوں میں سمجھوں کہ بس تو ہے
کب آنکھ جھپک جائے تصویر بدل جائے
ہر لمحہ سبک رو ہے ہر جلوہ تنک خو ہے
بازار تمنا کی ہر چیز ہی نازک ہے
اجناس غم دل ہیں پلکوں کی ترازو ہے
علامہ اقبالؔ کے حضور (نظم)
علامہ اقبالؔ کے حضور
فطرت کا کاروبار تو چلتا ہے آج بھی
مہتاب برگ گل پہ پھسلتا ہے آج بھی
قدرت نے ہم کو دولت دنیا بھی کم نہ دی
سیال زر زمیں سے ابلتا ہے آج بھی
دنیا میں روشنی بھی ہمارے ہی دم سے ہے
مشرق سے آفتاب نکلتا ہے آج بھی
پر منظر غروب بہت دل نشیں ہے کیوں
مغرب کی شام اپنی سحر سے حسیں ہے کیوں
اس کشمکش میں دولت عقبیٰ بھی چھن گئی
ذوق جنوں سے وسعت صحرا بھی چھن گئی
صحرائے آرزو میں تگ و دو نہیں رہی
پائے طلب سے وادیٔ سینا بھی چھن گئی
تو نے تو قرطبہ میں نمازیں بھی کیں ادا
اپنی جبیں سے مسجد اقصیٰ بھی چھن گئی
کہسار روند ڈالے گئے کھیت ہو گئے
چٹان ہم ضرور تھے اب ریت ہو گئے
منزل پہ آ کے لٹ گئے ہم رہبروں کے ساتھ
بیمار بھی پڑے ہیں تو چارہ گروں کے ساتھ
غربت کدے میں کاش اتر آئے کہکشاں
آنکھیں فلک کی سمت ہیں بوجھل سروں کے ساتھ
اڑنا محال لوٹ کے آنا بھی ہے وبال
زخمی دعا خلا میں ہے ٹوٹے پروں کے ساتھ
اس رزم خیر و شر میں ہوا کون سرخ رو
ضرب کلیم کند ہے فرعون سرخ رو