پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ظہیرؔ رحمتی کی غزلیں — Zaheer Rahmati Ghazals

ظہیرؔ رحمتی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دل لگا کر پڑھائی کرتے رہے (غزل)

دل لگا کر پڑھائی کرتے رہے

عمر بھر امتحاں سے ڈرتے رہے

ایک ادنیٰ ثواب کی خاطر

جانے کتنے گناہ کرتے رہے

جان پر کون دم نہیں دیتا

صورت ایسی تھی لوگ مرتے رہے

کوئی بھی راہ پر نہیں آیا

حادثے ہی یہاں گزرتے رہے

حیرتیں حیرتوں پہ وارفتہ

جھیل میں ڈوبتے ابھرتے رہے

آخرش ہم بھی اتنا سوکھ گئے

لوگ دریا کو پار کرتے رہے

کیا نہ تھا اس جہان میں آخر

ہم بھی کیا ہی تلاش کرتے رہے

آخر اعزاز اس نے بخش دیا

کیسا خود کو ذلیل کرتے رہے

پانی پانی رہتے ہیں (غزل)

پانی پانی رہتے ہیں

خاموشی سے بہتے ہیں

میری آنکھ کے تارے بھی

جلتے بجھتے رہتے ہیں

بیچارے معصوم دیے

دکھ سانسوں کا سہتے ہیں

جس کی کچھ تعبیر نہ ہو

خواب اسی کو کہتے ہیں

اپنوں کی ہمدردی سے

دشمن بھی خوش رہتے ہیں

مسجد بھی کچھ دور نہیں

وہ بھی پاس ہی رہتے ہیں

مزید غزلیں از ظہیرؔ رحمتی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں