ظہیر پرویز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ٹھہری ہوئی یادوں کا جہاں کیوں نہیں جاتا (غزل)
ٹھہری ہوئی یادوں کا جہاں کیوں نہیں جاتا
مدت ہوئی آنکھوں سے دھواں کیوں نہیں جاتا
امید کی شاخوں میں ثمر کیوں نہیں آتے
مرجھائے ہوئے دل میں گماں کیوں نہیں جاتا
گلشن کے ہر اک گوشے میں ہے جشن بہاراں
دل سے مگر احساس خزاں کیوں نہیں جاتا
ان سے تو ذرا پوچھئے بازار وفا سے
یہ سلسلۂ سود و زیاں کیوں نہیں جاتا
مے خانہ بہت دور ہے ان آنکھوں سے لیکن
شیشوں کے چٹخنے کا سماں کیوں نہیں جاتا
الجھے ہوئے حالات کی گتھی نہیں کھلتی
ناخن سے مرے قرض گراں کیوں نہیں جاتا
موت سے بد تر ہیں جینے کی کسک جاتی نہیں (غزل)
موت سے بد تر ہیں جینے کی کسک جاتی نہیں
خالی پیمانے ہوئے لیکن کھنک جاتی نہیں
ہر نظام تازہ کے خالق کو لائے دار تک
آج تک دنیا کے لوگوں کی سنک جاتی نہیں
رقص کرتی ہے ہوا میں اے مری وحشت مگر
اشک بن کر کیوں ان آنکھوں سے ٹپک جاتی نہیں
دوستوں کی چٹکیاں بھی قابل تحسین ہیں
زخم بھر جاتے ہیں تاثیر نمک جاتی نہیں
خاکۂ ہستی ہوا بے رنگ امکاں کھو گئے
پھر بھی آنکھوں سے امیدوں کی دھنک جاتی نہیں
یوں ہی بار آور نہیں ہوتا تمنا کا شجر
ایسے ہی چادر ترے سر سے ڈھلک جاتی نہیں
( بھوپال کے گیس حادثے سے متأثر ہو کر ) (نظم)
( بھوپال کے گیس حادثے سے متأثر ہو کر )
نئی جہتوں کی شاخوں پر شگوفے
فصیلوں پر جبیں رکھ دی صبا نے
شکستہ در پہ دستک دی صبا نے
صبا جو رقص کے منظر دکھائے
صبا جو گیت گا گا کر سنائے
صبا کے عجز کو جانا ہے کس نے
صبا کی برچھیاں کھائی ہیں کس نے
مگر تو دست امکاں سے پرے تھی
ترا دست حسیں تھا دست قاتل
نہ شب خوں سے مفر ہم کو نہ تم کو
رم چارہ گراں کا ذکر کیسا
مرے لیکن نہ رت آئی کفن کی
زمانہ ہے زمانہ چل رہا ہے