ظہیر ناشاد دربھنگوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
دل سے ہر نقش تمنا کو مٹا دیتا ہے (غزل)
دل سے ہر نقش تمنا کو مٹا دیتا ہے
غم جاناں غم دنیا کو بھلا دیتا ہے
حسن کا رعب ہے وہ رعب کے جس کے آگے
عشق خوددار بھی سر اپنا جھکا دیتا ہے
اک اعجاز ہے تیرے لب رعنا کا سکوت
جو خموشی میں تکلم کا مزا دیتا ہے
مجھ سے افلاس کے بیداد کی تشریح نہ پوچھ
بس یہ انسان کو مفلوج بنا دیتا ہے
ذوق نظارہ پر اسرار چمن کے رخ سے
رنگ و نکہت کے حجابات اٹھا دیتا ہے
ہائے کیا چیز ہے یہ درد محبت ناشادؔ
پچھلی راتوں کو مری نیند اڑا دیتا ہے
خدا سے مانگ لیا تم کو جب سدا کے لئے (غزل)
خدا سے مانگ لیا تم کو جب سدا کے لئے
اب اور ہاتھ اٹھاؤں تو کس دعا کے لئے
صنم کدے سے حرم تک نہ پوچھ اے دوست
میں کس جگہ نہ گیا روح کی غذا کے لئے
انا کو جان سے اپنی عزیز تر رکھئے
مگر ہنر بھی ضروری ہے کچھ انا کے لئے
لڑی ہے جنگ زمانے سے عمر بھر میں نے
کبھی حقوق کی خاطر کبھی بقا کے لئے
غلط زمانے نے مجھ کو بنا دیا منصور
میں مستحق نہ تھا اتنی بڑی سزا کے لئے
ہر ایک حال میں ناشادؔ ذہن کا اپنے
دریچہ کھول کے رکھئے نئی ہوا کے لئے
محنت کا کڑا دن ڈھلتے ہی (نظم)
محنت کا کڑا دن ڈھلتے ہی
جب رات سہانی آتی ہے
جب چاند ستاروں سے فطرت
آکاش کی مانگ سجاتی ہے
جب بربط و نے بج اٹھتے ہیں
پائل کی صدا لہراتی ہے
تب نیند سے بوجھل آنکھوں میں
سپنوں کی وہ پریاں آتی ہیں
سن سن کے مدھر لوری جن کی
دکھتا ہوا دل سو جاتا ہے
دکھتا ہوا من سو جاتا ہے
اور رات ڈھلے سپنوں کا جہاں
یوں لگتا ہے جیسے راحت جاں
سپنوں کے جہاں میں اے ہمدم
محبوب کی قربت ہوتی ہے
دیدار کی ساعت ہوتی ہے
اس ساعت رنگیں میں پنہاں
دامن کی ہوا زلفوں کی مہک
ہونٹوں کی لپک بانہوں کی لچک
محرابیں امنڈتے سینوں کی
سرشار محبت کرتی ہیں
اور رات پگھلتی رہتی ہے
سپنوں کے جہاں میں ہم دونوں
اک پیڑ کے نیچے بیٹھے ہوئے
مہتاب کو تکتے رہتے ہیں
پھر صبح کا تارا اگتا ہے
دنیا میں سحر ہو جاتی ہے