پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ظہیر مشتاق رانا کی غزلیں — Zaheer Mushtaq Rana Ghazals

ظہیر مشتاق رانا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہم کہ اب پیاس کے مارے بھی نہیں آئیں گے (غزل)

ہم کہ اب پیاس کے مارے بھی نہیں آئیں گے

یم بہ یم آب پکارے بھی نہیں آئیں گے

رائیگانی کا وہ عالم ہے کہ یوں لگتا ہے

میرے حصے میں خسارے بھی نہیں آئیں گے

اتنی بیزار ہیں آنکھیں کہ خدا جانتا ہے

ہم کو اب خواب تمھارے بھی نہیں آئیں گے

حالت اصل میں لگتا ہے خد و خال مرے

اب ترا زنگ اتارے بھی نہیں آئیں گے

کوئی گرداب نہیں آئے گا دوران سفر

اور ستم یہ ہے کنارے بھی نہیں آئیں گے

ایسے چھوڑیں گے ترا شہر کہ ہم اس کی طرف

گردش وقت کے مارے بھی نہیں آئیں گے

لوگ تو لوگ تھے جی بھر کے خسارہ کرتے (غزل)

لوگ تو لوگ تھے جی بھر کے خسارہ کرتے

کم سے کم تم تو نہ نقصان ہمارا کرتے

کر تو لینا تھا ترے ساتھ گزارہ لیکن

اب ترے ساتھ بھی کرتے تو گزارہ کرتے

کیسا الزام سر موج بلا خیز کہ ہم

ہو گئے غرق کناروں سے کنارہ کرتے

کر لیا تھا تو توقع نہیں رکھتے ہم سے

عشق تھا قرض نہیں تھا کہ اتارا کرتے

ایک بس ہم ہی میسر تھے ہمیں گرتے سمے

خود کو اب آسرا دیتے کہ سہارا کرتے

عشق ہر حال میں بس کار زیاں تھا لیکن

ہم کوئی کام بھی کرتے تو خسارہ کرتے

میں راہیں موڑ تو لاؤں (نظم)

میں راہیں موڑ تو لاؤں

ستارے توڑ تو لاؤں

مگر فرصت نہیں اب کے

بہت سے کام باقی ہیں

بہت سے قرض ہیں ایسے

جو میرے نام باقی ہیں

ابھی کتنے فسانوں کے

کہیں آغاز ہیں باقی

کہیں انجام باقی ہیں

تمہیں بھی تو محبت ہے

بلا کا عشق ہے تو پھر

خراج وصل نہ مانگو

مرے مہجور لمحوں سے

بڑے مجبور لمحوں سے

ملال درد کیا کرنا

گراں باری سے کیا ڈرنا

خسارے چھوڑ دو تم بھی

شمارے چھوڑ دو تم بھی

کہ میرے قرض جتنے ہیں

قضا ہیں فرض جتنے ہیں

ذرا ان کی ادائی میں

سہارا تو بنو تم بھی

خسارہ تو سہو تم بھی

ستارے توڑ لانے کی

یا رستے موڑ لانے کی

گراں باری اٹھاؤ اب

نہیں تو پھر نشاط جاں

مجھے تم بھول جاؤ اب

مزید غزلیں از ظہیر مشتاق رانا ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں