ظہیرؔ غازی پوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہر آدمی کو خواب دکھانا محال ہے (غزل)
ہر آدمی کو خواب دکھانا محال ہے
شعلوں میں جیسے پھول کھلانا محال ہے
کاغذ کی ناؤ بھی ہے کھلونے بھی ہیں بہت
بچپن سے پھر بھی ہاتھ ملانا محال ہے
انساں کی شکل ہی میں درندے بھی ہیں مگر
ہر عکس آئنے میں دکھانا محال ہے
مشکل نہیں اتارنا سورج کو تھال میں
لیکن چراغ اس سے جلانا محال ہے
اک بار خود جو لفظوں کے پنجرے میں آ گیا
اس طائر نوا کو اڑانا محال ہے
اپنے لہو کی بھینٹ چڑھانے کے بعد بھی
قدروں کی ہر فصیل تک آنا محال ہے
تا عمر اپنی فکر و ریاضت کے باوجود
خود کو کسی سزا سے بچانا محال ہے
محبت کرنے والوں کی دل آزاری نہیں کرتے (غزل)
محبت کرنے والوں کی دل آزاری نہیں کرتے
خطا پر سر جھکانے والے مکاری نہیں کرتے
ہم اپنا آسمان فن خود اپنے ساتھ رکھتے ہیں
کسی کی شمع سے گھر میں ضیا باری نہیں کرتے
ہمیں پانی پہ چلنے کا ہنر معلوم ہے لیکن
کسی حالت میں ہم کوئی اداکاری نہیں کرتے
روایت تازگیٔ فکر سے محروم رہ جاتی
اگر ہم میرؔ و غالبؔ کی طرف داری نہیں کرتے
ہمارے اسلحہ خانوں میں اکثر آگ لگتی ہے
مگر ہم کام کوئی غیر سرکاری نہیں کرتے
جنازہ اٹھ گیا جب سے یہاں ایمان داری کا
ہم اپنے رہبروں کی ناز برداری نہیں کرتے
وہ ریگستاں کو دعوت دے کے اپنے گھر بلاتے ہیں
کبھی جو اپنی بستی میں شجرکاری نہیں کرتے
تجھے لذتوں کی سحر ملے (نظم)
تجھے لذتوں کی سحر ملے
تجھے آئنوں کا سفر ملے
کہ رفاقتوں کا بدن بدن
نئی خوشبوؤں سے مہک اٹھے
کہ صباحتوں کا خمیر تک
کبھی چاند چاند چمک اٹھے
ابھی گل فشاں ہے ادا ادا
ابھی نغمہ خواں ہے ادا ادا
ابھی پھول پھول ہے تازگی
ابھی رنگ رنگ ہے زندگی
کوئی گرد غم بھی نہ پڑ سکے
کہیں اس طرح تو چھپا رہے
مرا لفظ لفظ دعا دعا
مرے آنسوؤں سے دھلا ہوا