ظہیر حسنین کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
وہ نظم و ضبط کے سب مرحلے گزر چکے ہیں (غزل)
وہ نظم و ضبط کے سب مرحلے گزر چکے ہیں
ہوا میں راکھ کے مانند ہم بکھر چکے ہیں
نثار عشق میں کرتے ہیں لوگ جاں اور ہم
یہ عاقبت ہی کسی پر نثار کر چکے ہیں
یہ غسل و دفن کی رسمیں تو ہوں گی جب ہوں گی
تکلفات نفس کے ہیں ہم تو مر چکے ہیں
یہ ہست و بود یہ دور جہاں مسلسل ہے
درون ذات تو برسوں سے ہم ٹھہر چکے ہیں
حسیب باغ جہاں کی نظر کے طالب ہیں
ہم ایسے برگ و ثمر خوب اب نکھر چکے ہیں
بہ وقت صبح گلوں پر نکھار آ چکا ہے
کٹورے اشک ندامت سے خوب بھر چکے ہیں
اب آئنے میں ابھرتا نہیں ہے عکس مرا
ظہیرؔ حد سے زیادہ ہی کچھ سنور چکے ہیں
طور دنیا کے ساتھ جائیو مت (غزل)
طور دنیا کے ساتھ جائیو مت
عشق کیجو مگر جتائیو مت
ہیں تماشائی چارہ گر سارے
زخم دل کے انہیں دکھائیو مت
ہاں یقیناً قصور میرا ہے
بار الزام تم اٹھائیو مت
دام ڈالے ہے خوب یہ صیاد
دہر کے شعبدے میں آئیو مت
رکھیو نظریں عمل پہ ناصح کے
کچھ کہے یہ فریب کھائیو مت
حسن ظن رکھیو اپنے لوگوں سے
دیکھیو سنیو آزمائیو مت
تلخیاں دوستی میں گر ہوں ظہیرؔ
تلخ لہجہ زباں پہ لائیو مت