پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ظہیر فتح پوری کی غزلیں — Zaheer Fatehpuri Ghazals

ظہیر فتح پوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اب درد بے دیار ہے اور جگ ہنسائی ہے (غزل)

اب درد بے دیار ہے اور جگ ہنسائی ہے

اس عشق نے بھی کیسی جواں موت پائی ہے

بادل ہیں دل کے دل کوئی روزن کہیں نہیں

اب چھاؤنی غموں نے فلک پر بھی چھائی ہے

رخصت کے بعد تیرے سراپے سے ماورا

یہ کون سی ادا ہے جو اب یاد آئی ہے

آئی جو سر پہ دھوپ لگے خیمۂ خیال

تم ہو جبھی تو وقت کو یوں نیند آئی ہے

چپ ہو گیا ہے دل سا فسانہ نگار بھی

تنہائی اک رہی تھی سو وہ بھی پرائی ہے

کیا اب کبھی جنوں کا بلاوا نہ آئے گا

صحرا کی خاک اڑ کے خیاباں میں آئی ہے

جو گزرے غم کو خود میں سموئے رہیں گے ہم

ہم نے ظہیرؔ جینے کی سوگند کھائی ہے

جمال پا کے تب و تاب غم‌ یگانہ ہوا ہے (غزل)

جمال پا کے تب و تاب غم‌ یگانہ ہوا ہے

مرے لیے یہ زر گل چراغ خانہ ہوا ہے

رم‌ خیال حریف رم زمانہ ہوا ہے

طلوع‌ صبح تمنا پیمبرانہ ہوا ہے

نین میں دل کی گلابی کا عکس جھوم رہا ہے

دکھوں کی دھوم ہے عالم شراب خانہ ہوا ہے

بس ایک جوت جگی ہے کہیں کوئی بھی نہیں ہے

مزاج وصل بہ ہر رنگ عارفانہ ہوا ہے

کچھ اور دھوپ مرے غم کچھ اور اشک جھما جھم

گھنا ہوا ہے یہ جنگل تو شامیانہ ہوا ہے

مرے نگار گریزاں تجھے میں کیسے بھلا دوں

کہ تو پرستش اصنام کا بہانہ ہوا ہے

جگت جگت مرے جی کو جنوں اڑائے پھرے ہے

تری طرح ترا غم آفت زمانہ ہوا ہے

یہ چھاؤں چھاؤں نہ رؤو ظہیرؔ دل کو سنبھالو

ڈھلی ہے شام مگر یوں کوئی دوانہ ہوا ہے

مزید غزلیں از ظہیر فتح پوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں