ظہیر احمد ظہیر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
سوکھی زمیں کو یاد کے بادل بھگو گئے (غزل)
سوکھی زمیں کو یاد کے بادل بھگو گئے
پلکوں کو آج بیتے ہوئے پل بھگو گئے
آنسو فلک کی آنکھ سے ٹپکے تمام رات
اور صبح تک زمین کا آنچل بھگو گئے
ماضی کے ابر ٹوٹ کے برسے کچھ اس طرح
مدت سے خشک آنکھوں کے جنگل بھگو گئے
وقت سفر جدائی کے لمحات مضمحل
اک بے وفا کی آنکھ کا کاجل بھگو گئے
میں منظروں میں کھویا ہوا پربتوں کے تھا
آ کر کسی کی یاد کے بادل بھگو گئے
غرور و ناز و تکبر کے دن تو کب کے گئے (غزل)
غرور و ناز و تکبر کے دن تو کب کے گئے
ظہیرؔ اب وہ زمانے حسب نسب کے گئے
بہت غرور گلستاں میں تھا گلابوں کو
تمہیں جو دیکھا تو ہوش و حواس سب کے گئے
مچا ہے شور خزاں کا ہے رخ اسی جانب
اگر یہ سچ ہے تو سمجھو کہ ہم بھی اب کے گئے
خلوص سے نہ سہی رسم ہی نبھانے کو
تم آ گئے ہو تو شکوے تمام لب کے گئے
وہ چاندنی وہ تبسم وہ پیار کی باتیں
ہوئی سحر تو وہ منظر تمام شب کے گئے
کبھی تو حلقۂ زنجیر یاس بھی ٹوٹے
کبھی تو لوٹ کے آئیں وہ لمحے جب کے گئے