پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ظہیر احمد کی غزلیں — Zaheer Ahmad 1 Ghazals

ظہیر احمد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

آتش رنج و الم سیل بلا سامنے ہے (غزل)

آتش رنج و الم سیل بلا سامنے ہے

پیکر خاک میں ہونے کی سزا سامنے ہے

شعلۂ جاں ہے مرا اور ہوا سامنے ہے

زندگی جلوہ نما ہے کہ قضا سامنے ہے

ہر طرف ڈھونڈنے والو اسے دیکھو تو سہی

وہ کہیں اور نہیں ہے بخدا سامنے ہے

منعکس ہوں میں زمانے میں زمانہ مجھ میں

خود بھی آئینہ ہوں اور عکس نما سامنے ہے

لغزش پائے تمنا کا بھی امکان نہیں

جادۂ شوق میں گر اس کی رضا سامنے ہے

کیا خبر کون سا جلوہ ہے پس پردۂ غیب

جس طرف دیکھیے اک راز نیا سامنے ہے

پھر وہی سوز دروں میرا وہی غفلت جاں

پھر وہی ساعت تجدید وفا سامنے ہے

مجھے ناموس غم عشق ہے مانع ورنہ

چارہ گر بیٹھے ہیں پہلو میں دوا سامنے ہے

اپنے بارے میں نہ کھا عصمت یوسف کی قسم

پہلے یہ دیکھ تو لے چاک قبا سامنے ہے

ہم بھلا کون سے سقراط زماں ہیں جو ظہیرؔ

روز اک زہر بھرا جام نیا سامنے ہے

بے غرض کرتے رہو کام محبت والے (غزل)

بے غرض کرتے رہو کام محبت والے

خود محبت کا ہیں انعام محبت والے

لفظ پھولوں کی طرح چن کر اسے دان کرو

اس پہ جچتے ہیں سبھی نام محبت والے

شرمگیں نظریں تبسم یا چھلکتے آنسو

بے صدا ہوتے ہیں پیغام محبت والے

خود کو بیچا تو نہیں میں نے مگر سوچوں گا

وہ لگائے تو سہی دام محبت والے

دل کی چوپال میں محفل سی جمی رہتی ہے

ملنے آتے ہیں سر شام محبت والے

غم کسی کا بھی ہو دیتے ہیں جگہ پہلو میں

دل بڑا رکھتے ہیں ناکام محبت والے

لوگ اندر سے یہ ہوتے ہیں بڑے عالی شان

ویسے لگتے ہیں بہت عام محبت والے

مزید غزلیں از ظہیر احمد ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں