پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ذہین شاہ تاجی کی غزلیں — Zaheen Shah Taji Ghazals

ذہین شاہ تاجی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

وہ آئیں گے وہ آتے ہیں وہ آنے کو ہیں وہ آئے (غزل)

وہ آئیں گے وہ آتے ہیں وہ آنے کو ہیں وہ آئے

تصور کو وہ بہلائیں تصور ہم کو بہلائے

وہ چمکا چاند چھٹکی چاندنی تارے نکل آئے

وہ کیا آئے زمیں پر آسماں نے پھول برسائے

ازل سے تا ابد ہے جلوہ فرما حسن صد شیوہ

وہی صاحب نظر ہے جو برابر دیکھتا جائے

کہاں انساں کہاں عقل و خرد کی بیڑیاں توبہ

ذرا بھی عقل ہو تو آدمی دیوانہ ہو جائے

وجود نور پر موقوف ہیں آثار ظلمت بھی

نہ ہوگی روشنی تو پھر کہاں جائیں گے یہ سائے

ذہینؔ آسودگی راہ طلب میں ہے زیاں کاری

ہزاروں کوس ہیں وہ دور جو اک لمحہ سستائے

خاک سے لالہ و گل سنبل و ریحاں نکلے (غزل)

خاک سے لالہ و گل سنبل و ریحاں نکلے

تم بھی پردے سے نکل آؤ کہ ارماں نکلے

بند آنکھیں کئے ہم منتظر جلوہ رہے

جب کھلی آنکھ تو خود جلوۂ جاناں نکلے

بے تکلف مجھے آزاد نگاہی منظور

خود تعین سے مگر جلوۂ جاناں نکلے

شیخ میخانے میں آنے کو مسلمان آیا

کاش میخانے سے نکلے تو مسلماں نکلے

کیا کوئی بزم حسیں زیر زمیں اور بھی ہے

پھول کیوں چاک جگر چاک گریباں نکلے

رنگ و بو قافلہ در قافلہ آئے تھے ذہینؔ

چند اڑتے ہوئے سائے تھے گریزاں نکلے

مزید غزلیں از ذہین شاہ تاجی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں