پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ذہین لکھنوی کی غزلیں — Zaheen Lakhnawi Ghazals

ذہین لکھنوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ذرا سی بات پہ آنکھیں بھگونے لگتے تھے (غزل)

ذرا سی بات پہ آنکھیں بھگونے لگتے تھے

ہمارے جیسے خوشی میں بھی رونے لگتے تھے

اداسی غیر کی آنکھوں میں جب بھی دکھتی تھی

اسے بھی اپنی ہی آنکھوں میں ڈھونے لگتے تھے

عجیب قرب تھا تجھ سے کہ وقت رخصت میں

اداس گھر کے سبھی لوگ ہونے لگتے تھے

ہمیں پتہ ہی نہیں تھی حقیقت تعبیر

سویرا ہوتے ہی ہم خواب بونے لگتے تھے

غم حیات میں وحشت کا عالم ایسا تھا

کہ چیختے ہوئے سے گھر کے کونے لگتے تھے

بس اپنے جیسے ہی کرتے تھے رت جگے ورنہ

تھے ایسے لوگ بھی جو رو کے سونے لگتے تھے

تری ندی کی روانی میں تھی کشش ایسی

ہم اپنی کشتیاں خود ہی ڈبونے لگتے تھے

خواب پلکوں پر سلگنے اور بھی تھے (غزل)

خواب پلکوں پر سلگنے اور بھی تھے

آنکھوں کی قسمت میں دھوکے اور بھی تھے

جس کو کھونے کا طریقہ ایک ہی تھا

اس کو پانے کے طریقے اور بھی تھے

مجھ کو آخر توڑنے کی وجہ کیا تھی

شاخ پہ جب میرے جیسے اور بھی تھے

دل کو ہلکا کرنے کو رونے لگا میں

جب کہ رونے کے نتیجے اور بھی تھے

چند لمحوں کی خوشی میں بھول بیٹھا

میرے اوپر غم کے سائے اور بھی تھے

میں اکیلا ہی پہنچ پایا ہوں مجھ تک

میرے پیچھے آنے والے اور بھی تھی

سب کی نظریں آ کے مجھ پر ٹک گئی تھیں

جب کہ دنیا میں تماشے اور بھی تھے

مزید غزلیں از ذہین لکھنوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں