پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ظفر زیدی کی غزلیں — Zafar Zaidi Ghazals

ظفر زیدی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اک شجر ایسا محبت کا لگایا جائے (غزل)

اک شجر ایسا محبت کا لگایا جائے

جس کا ہمسائے کے آنگن میں بھی سایا جائے

یہ بھی ممکن ہے بتا دے وہ کوئی کام کی بات

اک نجومی کو چلو ہاتھ دکھایا جائے

دیکھنا یہ ہے کہ کون آتا ہے سایہ بن کر

دھوپ میں بیٹھ کے لوگوں کو بلایا جائے

یا مری زیست کے آثار نمایاں کر دے

یا بتا دے کہ تجھے کیسے بھلایا جائے

اس کے احسان سے انکار نہیں ہے لیکن

نقش پانی پہ ظفرؔ کیسے بنایا جائے

نہ پھل نہ پھول نہ سایا شجر میں باقی ہے (غزل)

نہ پھل نہ پھول نہ سایا شجر میں باقی ہے

مگر وہ سوکھا ہوا پیڑ گھر میں باقی ہے

گرے مکان کو صدیاں گزر گئیں لیکن

پر اب بھی خوف سا دیوار و در میں باقی ہے

ابھی ہے دیر یہاں انقلاب آنے میں

بڑا سکوت ابھی شور و شر میں باقی ہے

تم آنا چاہو پلٹ کر تو آ بھی سکتے ہو

ہر ایک نقش قدم رہ گزر میں باقی ہے

یہی بہت ہے کہ ہم محفلوں میں ملتے رہیں

محبتوں کا بھرم تو نظر میں باقی ہے

نہ چاہنے میں بھی جی چاہتا ہے ملنے کو

کمی سی کوئی تو خیر و خبر میں باقی ہے

ابھی سے ہمت پرواز تو نہ چھوڑ ظفرؔ

ابھی تو جان ترے بال و پر میں باقی ہے

عجیب لڑکی ہے وہ (نظم)

عجیب لڑکی ہے وہ

کہ اس کو خدا بنایا تو وہ خفا ہے

چہار جانب

عبادتوں کا حصار کھینچا

مسافتوں کے شجر اگائے

ہراس کی وسعتوں کو میں نے

طلسم صوت و صدا سے باندھا

ہواؤں کو سمت آگہی دی

شبوں کے زخمی کبوتروں کو لہو پلایا

فلک پہ نیلاہٹیں بکھیریں

خلا میں قوس قزح کے رنگین پر اڑائے

نگاہ و دل کی فصیل پر جسم و جاں سجائے بدن اگائے

مگر وہ لڑکی

خدائی پا کر بھی مضمحل ہے

وہ خوش نہیں ہے

وہ کہہ رہی تھی

کہ تم نے مجھ کو خدا بنایا

تو کیا یہ سمجھوں

کہ کوئی مجھ سے بھی بالاتر ہے