پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ظفر تابش کی غزلیں — Zafar Tabish Ghazals

ظفر تابش کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

نہ کہو تم بھی کچھ نہ ہم بولیں (غزل)

نہ کہو تم بھی کچھ نہ ہم بولیں

آؤ خاموشیوں کے لب کھولیں

بستیاں ہم خود ہی جلا آئے

کسی برگد کے سائے میں سو لیں

کچھ نئے رنگ سامنے آئیں

آ کئی رنگ ساتھ میں گھولیں

زرد منظر عجیب سناٹے

کھڑکیاں کیوں گھروں کی ہم کھولیں

راستے سہل ہیں مگر تابشؔ

کون ہے ساتھ جس کے ہم ہو لیں

کتنے ہاتھ سوالی ہیں (غزل)

کتنے ہاتھ سوالی ہیں

کتنی جیبیں خالی ہیں

سب کچھ دیکھ رہا ہوں میں

راتیں کتنی کالی ہیں

منظر سے لا منظر تک

آنکھیں خالی خالی ہیں

اس نے کورے کاغذ پر

کتنی شکلیں ڈھالی ہیں

صرف ظفر تابشؔ ہیں ہم

غالبؔ میرؔ نہ حالیؔ ہیں

مزید غزلیں از ظفر تابش ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں