ظفر نسیمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
عشق میں برباد ہونے پر پشیمانی تو ہے (غزل)
عشق میں برباد ہونے پر پشیمانی تو ہے
پھر بھی میری قدر و قیمت اس نے پہچانی تو ہے
سانس لینا بھی جہاں مشکل ہے اس ماحول میں
مجھ کو زندہ دیکھ کر لوگوں کو حیرانی تو ہے
غم گساری میری عادت بن گئی ہے کیا کروں
دوسروں کا غم اٹھانے میں پریشانی تو ہے
ہاتھ ان سے بھی ملانے کے لیے تیار ہوں
دشمنوں سے دوستی کی بات نادانی تو ہے
کون سی ایسی دعا ہے جو نہ ہوگی اب قبول
آنکھ سے آنسو رواں سجدے میں پیشانی تو ہے
شوق ہے پر پیچ راہوں سے گزرنے کا ظفرؔ
ورنہ سیدھا راستہ چلنے میں آسانی تو ہے
نہ چھیڑ نام و نسب اور نسل و رنگ کی بات (غزل)
نہ چھیڑ نام و نسب اور نسل و رنگ کی بات
کہ چل نکلتی ہے اکثر یہیں سے جنگ کی بات
تمہارے شہر میں کس کس کو آئنہ دکھلائیں
ہزار طرح کے چہرے ہزار رنگ کی بات
ہر ایک بات پہ طعنہ ہر ایک بات پہ طنز
کبھی تو یار کیا کر کسی سے ڈھنگ کی بات
میں اس کے وعدۂ فردا پہ کیا یقیں کرتا
ہنسی میں ٹال گیا ایک شوخ و شنگ کی بات
اٹھا ہے سنگ ملامت بہ نام شیشۂ دل
قرار پائی ہے شیشے کے ساتھ سنگ کی بات
عجیب حال ہے یاروں کی بے حسی کا ظفرؔ
سکوت مرگ کا عالم رباب و چنگ کی بات