پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ظفر مرادآبادی کی غزلیں — Zafar Moradabadi Ghazals

ظفر مرادآبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کبھی دعا تو کبھی بد دعا سے لڑتے ہوئے (غزل)

کبھی دعا تو کبھی بد دعا سے لڑتے ہوئے

تمام عمر گزاری ہوا سے لڑتے ہوئے

ہوئے نہ زیر کسی انتہا سے لڑتے ہوئے

محاذ ہار گئے ہم قضا سے لڑتے ہوئے

بکھر رہا ہوں فضا میں غبار کی صورت

خلاف مصلحت اپنی انا سے لڑتے ہوئے

فضا بدلتے ہی جاگ اٹھی فطرت مے کش

شکست کھا گئی توبہ گھٹا سے لڑتے ہوئے

قلم کی نوک سے بہتا رہا لہو میرا

حصار خلقت فکر رسا سے لڑتے ہوئے

جنوں نورد کو منظر نہ کوئی راس آیا

مرا تو شوخی آب و ہوا سے لڑتے ہوئے

پہنچ سکے نہ کسی خوش گوار منزل تک

تمہاری یاد کی زنجیر پا سے لڑتے ہوئے

انہیں پہ بند ہوا ارتقا کا دروازہ

فنا ہوئے ہیں جو اپنی بقا سے لڑتے ہوئے

ظفرؔ گھرے تو اسی رزم گاہ ہستی میں

ہوئے شہید صف کربلا سے لڑتے ہوئے

رات بھر سورج کے بن کر ہم سفر واپس ہوئے (غزل)

رات بھر سورج کے بن کر ہم سفر واپس ہوئے

شام بچھڑے ہم تو ہنگام سحر واپس ہوئے

جلوہ گاہ ذات سے کب خود نگر واپس ہوئے

اور اگر واپس ہوئے تو بے بصر واپس ہوئے

تھی ہمیں ملحوظ خاطر نیک نامی اس قدر

چوم کر نظروں سے ان کے بام و در واپس ہوئے

مژدہ پرواز عدم کا ہے کہ راحت کی نوید

دم لبوں پر ہے تو اپنے بال و پر واپس ہوئے

شوق منزل تھا کہاں مجھ سا کسی کا معتبر

دو قدم بھی چل نہ پائے ہم سفر واپس ہوئے

کارواں سے جو بھی بچھڑا گرد صحرا ہو گیا

ٹوٹ کر پتے کب اپنی شاخ پر واپس ہوئے

صبح دم لے کر چلی گھر سے تلاش روزگار

شام ہم رخ پر لیے گرد سفر واپس ہوئے

زندگی میں آئیں صبحیں اور شامیں بھی بہت

عہد رفتہ کے کہاں شام و سحر واپس ہوئے

آخرش بجھ ہی گیا ہے خوش گمانی کا چراغ

تم بچھڑ کر پھر کہاں امکان بھر واپس ہوئے

خوش گمانی کا بھرم رکھا نئی پہچان نے

پھر مرے نغموں میں ڈھل کر سیم بر واپس ہوئے

ہوش سے عاری رہی دیوانگی اپنی ظفرؔ

با خبر محفل میں رہ کر بے خبر واپس ہوئے

مزید غزلیں از ظفر مرادآبادی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں