پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ظفر مرزاپوری کی غزلیں — Zafar Mirzapuri Ghazals

ظفر مرزاپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جب سے الفت کے زیر اثر ہو گئی (غزل)

جب سے الفت کے زیر اثر ہو گئی

زندگی موت سے بے خبر ہو گئی

جب غزل میں کوئی حسن آیا نظر

یاد تازہ جناب جگر ہو گئی

پوچھتے ہیں وہ رخ کی شکن دیکھ کر

ختم کیسے ضیائے قمر ہو گئی

سارے عالم کو گھیرے تھیں تاریکیاں

آپ تشریف لائے سحر ہو گئی

شاخ سے ٹوٹتے ہی یہ کیا ہو گیا

پھول کی زندگی مختصر ہو گئی

کوئی تعریف اچھائیوں کی نہیں

اک خطا پہ جہاں کی نظر ہو گئی

گھر سے نکلے تھے ہم راحتیں ڈھونڈنے

دکھ سر راہ تھی ہم سفر ہو گئی

یہ وطن کیا بٹا کتنے انساں بٹے

ایک بستی ادھر کی ادھر ہو گئی

سادے کاغذ پہ میرا قلم چل پڑا

ہر تخیل بہار ظفرؔ ہو گئی

حسرتوں کی راکھ جب دل میں دبی رہ جائے گی (غزل)

حسرتوں کی راکھ جب دل میں دبی رہ جائے گی

بس کہ ہونٹوں پر بھی مہر خامشی رہ جائے گی

سرد مہری کا یہی عالم رہا تو ایک دن

کیسا اخلاص وفا کیا دوستی رہ جائے گی

غم کا بادل تو نواح جاں میں برسے گا ضرور

خشک چہرہ ہو تو آنکھوں میں نمی رہ جائے گی

ہر طرف جاگ اٹھیں گے ہنگامے اور اپنی نظر

پر سکوں کلیوں کا منظر ڈھونڈتی رہ جائے گی

آندھیاں لے جائیں گی سب کے گھروں کی بجلیاں

صرف کٹیا میں دیئے کی روشنی رہ جائے گی

اپنی آنکھوں پر ذرا قابو کرو ورنہ ظفرؔ

آنسوؤں کے گھر میں وہ صورت چھپی رہ جائے گی

ایک رنگیں چمن ہند ہے دوستو (نظم)

ایک رنگیں چمن ہند ہے دوستو

جاں سے پیارا وطن ہند ہے دوستو

شوخ جھرنے کہیں پر ہیں گوہر فشاں

یہ دل افروز گنگ و جمن کا سماں

یہ ہمالہ مرے دیش کا پاسباں

حسن کی انجمن ہند ہے دوستو

اپنا پنجاب ہے دل ربا کس قدر

ہے یہ بنگال جادو بھرا کس قدر

ہے یہ کشمیر جنت نما کس قدر

کتنا خوش پیرہن ہند ہے دوستو

تاج پانی میں جیسے کھلا ہو کنول

ٹیپو کی طرح مینار دہلی اٹل

یہ ہمکتے ہوئے پربتوں کے محل

جلووں کی انجمن ہند ہے دوستو

رام سیتا کی یہ دل نشیں داستاں

چشتی گوتم یہاں اور نانک یہاں

گاندھی اور نہرو کی موہنی ہستیاں

تھے یہیں لچھمن ہند ہے دوستو

غالبؔ و میرؔ و مومنؔ و ذوقؔ و ظفرؔ

سورؔ و اقبالؔ ٹیگورؔ سب ہیں امر

ہے یہ دھرتی کبیرؔ اور تلسیؔ کا گھر

علم و فن کا گگن ہند ہے دوستو

کتنا دلدار ہے گاؤں ہو یا نگر

اپنی دھرتی میں پوشیدہ لعل و گہر

گیت گاتے ہیں اشجار شام و سحر

مزید غزلیں از ظفر مرزاپوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں