ظفر محمود ظفر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
پاس رہ کر بھی بہت دور ہیں ہم بھی تم بھی (غزل)
پاس رہ کر بھی بہت دور ہیں ہم بھی تم بھی
کس قدر بے بس و مجبور ہیں ہم بھی تم بھی
آج بھی اندھی سرنگوں میں بسر کرتے ہیں
اور اجالوں سے بہت دور ہیں ہم بھی تم بھی
کون قاتل ہے یہاں سب کو خبر ہے لیکن
گونگے بہرے بڑے مجبور ہیں ہم بھی تم بھی
جھک کے ملنا ہمیں عزت میں کمی لگتی ہے
کتنے کم ظرف ہیں مغرور ہیں ہم بھی تم بھی
سانس بھی اس کی ہے یہ جسم اسی کا تابع
اے ظفرؔ لاغر و معذور ہیں ہم بھی تم بھی
جب تلک در پیش کوئی حادثہ ہوتا نہیں (غزل)
جب تلک در پیش کوئی حادثہ ہوتا نہیں
زندگی کیا ہے ہمیں اس کا پتہ ہوتا نہیں
سیدھا رستہ دیکھنے میں یوں تو ہے آساں مگر
جب چلو اس پر تو یہ آسان سا ہوتا نہیں
سب نے پہنی ہیں قبائیں شہر بھر میں ایک سی
کون کیسا ہے یہاں اس کا پتہ ہوتا نہیں
ہے یہ نا ممکن نظر آ جائے جلوہ گاہ ناز
سجدہ گاہ عاشقاں پر نقش پا ہوتا نہیں
ہم نہ دیکھیں یہ الگ سی بات ہے لیکن ظفرؔ
کون سی شے ہے جہاں وہ رونما ہوتا نہیں