پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ظفر خان نیازی کی غزلیں — Zafar Khan Niyazi Ghazals

ظفر خان نیازی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

میرے گلے پہ جمے ہاتھ میرے اپنے ہیں (غزل)

میرے گلے پہ جمے ہاتھ میرے اپنے ہیں

جو لڑ رہے ہیں مرے ساتھ میرے اپنے ہیں

شکست کھا کے بھی میں فتح کے جلوس میں ہوں

کہ دے گئے جو مجھے مات میرے اپنے ہیں

میری طرح سے یہ کچے گھروں میں رہتے ہیں

جو گھیر لائے ہیں برسات میرے اپنے ہیں

اگر نہیں ہیں یہ شمس و قمر مرے بس میں

یہی بہت ہے یہ دن رات میرے اپنے ہیں

کوئی سنے نہ سنے کوئی داد دے کہ نہ دے

یہی بہت ہے خیالات میرے اپنے ہیں

کسی کے دل میں بسا ہوں کسی کی آنکھوں میں

یہ ٹوٹے پھوٹے کمالات میرے اپنے ہیں

مجھے لگتے ہیں پیارے تتلیاں جگنو پرندے (غزل)

مجھے لگتے ہیں پیارے تتلیاں جگنو پرندے

یہ زندہ استعارے تتلیاں جگنو پرندے

یہیں ملتی ہیں دھرتی کی حدیں باغ ارم سے

وہ دیکھو ابر پارے تتلیاں جگنو پرندے

بس اک تم ہی نہیں منظر میں ورنہ کیا نہیں ہے

صراحی چاند تارے تتلیاں جگنو پرندے

ابھی یہ کون آیا صحن گل میں دھیرے دھیرے

اڑے خوشبو کے دھارے تتلیاں جگنو پرندے

یہاں خطرے میں ہے خود آدمی کی ذات اپنی

جئیں کس کے سہارے تتلیاں جگنو پرندے

کتاب زندگی کی یہ مقدس آیتیں ہیں

ہرن چیتل چکارے تتلیاں جگنو پرندے

ظفرؔ یہ کون ہم سے چھین کر بچپن ہمارا

اڑاتا ہے غبارے تتلیاں جگنو پرندے

مزید غزلیں از ظفر خان نیازی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں