پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ظفر رباب کی غزلیں — Zafar Rabab Ghazals

ظفر رباب کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

زرد پتوں کو ہوا ساتھ لئے پھرتی ہے (غزل)

زرد پتوں کو ہوا ساتھ لئے پھرتی ہے

دم گزیدہ ہیں قضا ساتھ لئے پھرتی ہے

راکھ ہو جائے نہ فاقوں کے جہنم میں حیات

بے کسی اپنی چتا ساتھ لئے پھرتی ہے

ماں کے ہونٹوں سے تھی نکلی دم رخصت جو دعا

مجھ کو اب تک وہ دعا ساتھ لئے پھرتی ہے

آس کی راکھ میں ڈھونڈیں نئی امید کوئی

زندگی بیم و رجا ساتھ لئے پھرتی ہے

سچ کا ہے قحط یہاں جھوٹ کا بازار ہے گرم

اب ہمیں موج فنا ساتھ لئے پھرتی ہے

ایک پتھر ہے بہت جھیل کے سناٹے کو

خامشی کوہ ندا ساتھ لئے پھرتی ہے

اپنے سائے سے گریزاں نہیں اک تو ہی ربابؔ

شہر بھر کو یہ وبا ساتھ لئے پھرتی ہے

جاں رہے نوچتے حیات کے دکھ (غزل)

جاں رہے نوچتے حیات کے دکھ

ذات کے اور کائنات کے دکھ

کچھ بگاڑا نہ وقت نے ان کا

ہیں جواں اب بھی میرے ساتھ کے دکھ

روزمرہ کا بن گئے معمول

روزمرہ معاملات کے دکھ

فتح نے بھی شکست و ریخت ہی دی

جیت سے منسلک تھے مات کے دکھ

رہ گیا اب جنوں ہی کم آمیز

عشق میں تو ہیں بات بات کے دکھ

ہم غریبوں کے روز و شب نہ پوچھ

دن میں بھی جاگتے ہیں رات کے دکھ

ٹوٹنے میں ہی عافیت تھی ربابؔ

جھیلتا کون احتیاط کے دکھ

مزید غزلیں از ظفر رباب ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں