پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ظفر غوری کی غزلیں — Zafar Ghauri Ghazals

ظفر غوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ترا یقین ہوں میں کب سے اس گمان میں تھا (غزل)

ترا یقین ہوں میں کب سے اس گمان میں تھا

میں زندگی کے بڑے سخت امتحان میں تھا

شجر شجر مری آمد کا منتظر موسم

میں برگ گل سا ہواؤں کی اک اڑان میں تھا

پٹک کے توڑ دیا جس نے تیشۂ جاں کو

میں جوئے شیر سا پنہاں اسی چٹان میں تھا

اندھیری رات میں سمت صدا پہ چھوڑ دیا

ہوس کا تیر جو اس جسم کی کمان میں تھا

اٹھا سکا نہ میں دست تہی سے پتھر بھی

متاع غیر سا وہ کانچ کی دوکان میں تھا

یہ دور علم و ہنر اس کو پڑھ نہیں پایا

صحیفہ دل کا مرا جانے کس زبان میں تھا

دل میں رکھ زخم نوا راہ میں کام آئے گا (غزل)

دل میں رکھ زخم نوا راہ میں کام آئے گا

دشت بے سمت میں اک ہو کا مقام آئے گا

اس طرح پڑھتا ہوں بہتے ہوئے دریا کی کتاب

صفحۂ آب پر اک عکس پیام آئے گا

قریۂ جاں میں تھے یادوں کے شناسا چہرے

اجنبی شہر میں کس کس کا سلام آئے گا

مصلحت کیش تو گلہائے ستائش سے لدے

سچ کے ہاتھوں میں وہی زہر کا جام آئے گا

رقص رفتار سے کیا روند چلا پھولوں کو

آگ پر چل کہ تجھے لطف خرام آئے گا

خنجر زہر وفا دل میں چھپائے کب سے

منتظر ہوں کہ ادھر وہ سر شام آئے گا

دیدۂ دل سے ظفرؔ خواب بھی چھن جائیں گے

وقت کہتا ہے کہ اب ایسا نظام آئے گا

مزید غزلیں از ظفر غوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں