پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ظفر عزیز کی غزلیں — Zafar Aziz Ghazals

ظفر عزیز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

نئی راہوں پہ چلنا چاہتا ہے (غزل)

نئی راہوں پہ چلنا چاہتا ہے

زمانہ پھر بدلنا چاہتا ہے

یہ بادل کیوں پریشاں کر رہے ہیں

اگر سورج نکلنا چاہتا ہے

زمانہ تنگ ہو جاتا ہے اس پر

وہ جب خود کو بدلنا چاہتا ہے

بھڑکتی ہے غریبی آگ بن کر

خوشی سے کون جلنا چاہتا ہے

گراتے ہیں اسے حالات اس کے

اگر کوئی سنبھلنا چاہتا ہے

ظفرؔ اب شام کی چادر تو اوڑھو

تھکا سورج ہے ڈھلنا چاہتا ہے

وہ بھی ہو گئے شامل میرے نکتہ چینوں میں (غزل)

وہ بھی ہو گئے شامل میرے نکتہ چینوں میں

میں نے جن کو پالا تھا اپنی آستینوں میں

آئنہ پرکھنے کا تجربہ ہمیں بھی ہے

ایک عمر گزری ہے اپنی مہ جبینوں میں

بارہا محبت کے بیج بو کے دیکھا ہے

نفرتیں ہی اگتی ہیں آج کل زمینوں میں

کیا بچاتے جاں اپنی ہر طرف ہی قاتل تھے

اور جو محافظ تھے مل گئے کمینوں میں

سامنا تو ہونے دو خود ہی جان جاؤ گے

تم کو ہم نے دیکھا ہے صرف دوربینوں میں

نظریہ بدل جائے یا نظر بدل جائے

بال آ ہی جاتے ہیں دل کے آبگینوں میں

اب کہاں ظفرؔ صاحب حسن میں سلیقہ ہے

عشق بھی نہیں ملتا اب کہیں قرینوں میں

مزید غزلیں از ظفر عزیز ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں