پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ظفر گورکھپوری کی غزلیں — Zafar Gorakhpuri Ghazals

ظفر گورکھپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

میری اک چھوٹی سی کوشش تجھ کو پانے کے لیے (غزل)

میری اک چھوٹی سی کوشش تجھ کو پانے کے لیے

بن گئی ہے مسئلہ سارے زمانے کے لیے

ریت میری عمر میں بچہ نرالے میرے کھیل

میں نے دیواریں اٹھائی ہیں گرانے کے لیے

وقت ہونٹوں سے مرے وہ بھی کھرچ کر لے گیا

اک تبسم جو تھا دنیا کو دکھانے کے لیے

آسماں ایسا بھی کیا خطرہ تھا دل کی آگ سے

اتنی بارش ایک شعلے کو بجھانے کے لیے

چھت ٹپکتی تھی اگرچہ پھر بھی آ جاتی تھی نیند

میں نئے گھر میں بہت رویا پرانے کے لیے

دیر تک ہنستا رہا ان پر ہمارا بچپنا

تجربے آئے تھے سنجیدہ بنانے کے لیے

میں ظفرؔ تا زندگی بکتا رہا پردیس میں

اپنی گھر والی کو اک کنگن دلانے کے لیے

دیکھیں قریب سے بھی تو اچھا دکھائی دے (غزل)

دیکھیں قریب سے بھی تو اچھا دکھائی دے

اک آدمی تو شہر میں ایسا دکھائی دے

اب بھیک مانگنے کے طریقے بدل گئے

لازم نہیں کہ ہاتھ میں کاسہ دکھائی دے

نیزے پہ رکھ کے اور مرا سر بلند کر

دنیا کو اک چراغ تو جلتا دکھائی دے

دل میں ترے خیال کی بنتی ہے اک دھنک

سورج سا آئنے سے گزرتا دکھائی دے

چل زندگی کی جوت جگائے عجب نہیں

لاشوں کے درمیاں کوئی رستہ دکھائی دے

کیا کم ہے کہ وجود کے سناٹے میں ظفرؔ

اک درد کی صدا ہے کہ زندہ دکھائی دے

اب تو علم کی پروازیں (نظم)

اب تو علم کی پروازیں

اور ہی قصے کہتی ہیں

باجی اب تو مت بولو

چاند میں پریاں رہتی ہیں

چاند نہ اپنا ماموں ہے

اور نہ دیس وہ پریوں کا

چاند میں کوئی بڑھیا ہے

اور نہ بڑھیا کا چرخا

صدیوں صدیوں کھوج کے بعد

اب ہم نے یہ جانا ہے

چاند کوئی افسانہ نہیں

ایک حقیقی دنیا ہے

سردی گرمی دونوں تیز

آکسیجن کا نام نہیں

چٹانیں ہیں کھائیاں ہیں

دھرتی سا آرام نہیں

ہو جائے گا پر اک روز

جی لینا آسان وہاں

اپنے جینے کا ساماں

کر لے گا انسان وہاں

علم و ہنر کی دھارائیں

پیچھے کو کب بہتی ہیں