ظفر احمد پرواز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ترے فراق میں گھٹنوں چلی ہے تنہائی (غزل)
ترے فراق میں گھٹنوں چلی ہے تنہائی
خیال و خواب میں پھولی پھلی ہے تنہائی
ترے خیال ترے ہجر کے وسیلے سے
تصورات میں ہم سے ملی ہے تنہائی
جمال یار میں کھویا ہوا ہے سناٹا
خیال یار میں ڈوبی ہوئی ہے تنہائی
کسی کے شوخ بدن کی ضرورتوں کی طرح
تمام رات سلگتی رہی ہے تنہائی
تمہاری زلف معنبر کا آسرا لے کر
ہماری فکر و نظر میں پلی ہے تنہائی
شب فراق کے مارے نہیں ہو تم پرواز
تمہاری فکر پہ کیوں جم گئی ہے تنہائی
کل تلک ہم تھے خنک چھاؤں میں پلنے والے (غزل)
کل تلک ہم تھے خنک چھاؤں میں پلنے والے
آج ہیں تیز کڑی دھوپ میں جلنے والے
برق ہے آتشیں لاوا ہے کہ گل ہے کیا ہے
اپنی تعریف بتا آگ اگلنے والے
کون اب تیرے لیے گیت بنے گا اے دوست
چند لمحوں میں فقط ہم ہیں پگھلنے والے
ہے مقدر میں ترے صرف سمندر کا سکوت
موج کی طرح سے گر گر کے اچھلنے والے
آب و گل کا ہے خمیر اپنا مگر اے پروازؔ
ہم وہ برتن نہیں برسات سے گلنے والے