زعیم رشید کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
دیار شوق میں آئے تھے ایک خواب کے ساتھ (غزل)
دیار شوق میں آئے تھے ایک خواب کے ساتھ
گزر رہی ہے مسلسل کسی عذاب کے ساتھ
ہم اہل درد پکارے گئے صحیفوں میں
ہم اہل عشق اتارے گئے کتاب کے ساتھ
پھر ایک شام پذیرائی چشم تر کی ہوئی
پھر ایک شام گزاری گئی جناب کے ساتھ
ہمیں یہ خوف اندھیرے نگل نہ جائیں کہیں
سو ہم نے جسم کو ڈھانپا ہے آفتاب کے ساتھ
مکالمہ رہا جاری ہماری آنکھوں کا
بدن کی شاخ پہ کھلتے ہوئے گلاب کے ساتھ
کچھ اور چاہیے تشنہ لبی مٹانے کو
یہ پیاس وہ ہے جو بجھتی نہیں شراب کے ساتھ
زعیمؔ وہ مری دریا دلی سے ڈرتا ہے
وہ مجھ سے ملتا ہے لیکن بڑے حساب کے ساتھ
یہ بات اب کے اسے بتانا نہیں پڑے گی (غزل)
یہ بات اب کے اسے بتانا نہیں پڑے گی
غزل کو ہرگز غزل سنانا نہیں پڑے گی
جو وہ ملا تو میں خرچ کر دوں گا ایک پل میں
بدن کی خوشبو مجھے بچانا نہیں پڑے گی
تجھے بیاہوں تو دو قبیلے قریب ہوں گے
کسی کو بندوق بھی اٹھانا نہیں پڑے گی
میں اپنے لہجے کا ہاتھ تھامے نکل پڑا ہوں
کسی کو آواز بھی لگانا نہیں پڑے گی
میں اپنی ہر اک سیاہ بختی کو جانتا ہوں
زعیمؔ طوطے کو فال اٹھانا نہیں پڑے گی
بے آباد گھروں میں ایسا ہوتا ہے (نظم)
بے آباد گھروں میں ایسا ہوتا ہے
دور کے دیس کو جانے والا کولہو کا ایک بیل بنا ہے
ہر پہلی کو ہرکارے کے ہاتھ میں ایک منی آرڈر کا رستہ تکتی
باپ کی آنکھیں خوشی خوشی تسبیح کے دانے جلدی جلدی پھیر رہی ہیں
بہنیں ڈالر کے تعویذ بنا کر گلے میں ڈالے گھوم رہی ہیں
بھائی اپنے یاروں میں پردیس کے قصے رنگ برنگی آوازوں میں ہانک رہے ہیں
خوش فہمی کی ماری بیوی اپنی جوانی عمر کے کلینڈر میں رکھ کر کاموں میں لگ جاتی ہے
ماں دیوار پہ بیٹھے کوے کی آواز کو سن کر خوش ہوتی ہے
دور کے دیس میں
کولہو کا وہ بیل بیچارہ
رات کو تھک کر سو جاتا ہے
بے آباد گھروں میں اکثر
ایسا ہو جاتا ہے