پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ذبیح الہ آبادی کی غزلیں — Zabih Allahabadi Ghazals

ذبیح الہ آبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ختم اپنی گردش ایام کر کے آئے ہیں (غزل)

ختم اپنی گردش ایام کر کے آئے ہیں

صبح کے نکلے ہوئے جو شام کر کے آئے ہیں

حسن کو رسوائے خاص و عام کر کے آئے ہیں

عاشقی کے نام کو بدنام کر کے آئے ہیں

کیا کہیں دنیا میں کیا کیا کام کر کے آئے ہیں

زندگی کو مورد الزام کر کے آئے ہیں

بوند بھر بھی ہم نے شیشوں میں نہیں چھوڑی شراب

محفل ساقی میں خالی جام کر کے آئے ہیں

منزل جاناں سے آئے لوٹ کر جو نامراد

دفن اپنی حسرت ناکام کر کے آئے ہیں

انتظار حشر میں گھبرائیں گے کیا اہل حشر

اپنی اپنی قبر میں آرام کر کے آئے ہیں

آپ کا ثانی نظر آتا نہیں کوئی ذبیحؔ

آپ ہر بزم سخن میں نام کر کے آئے ہیں

جانے والے پھر نہ لوٹے کچھ تو اس میں راز ہے (غزل)

جانے والے پھر نہ لوٹے کچھ تو اس میں راز ہے

کیا طلسم خاک میں بھی جاں فزا انداز ہے

یہ تو ہے معلوم دل میں آئے ہیں تیر نظر

یہ نہیں معلوم لیکن کون تیر انداز ہے

کوئی سمجھے یا نہ سمجھے ہم سمجھتے ہیں اسے

موت میں سربستہ سارا زندگی کا راز ہے

ابتدائے عشق میں دنیا سے ہم کھوئے گئے

اس کا کیا انجام ہوگا جس کا یہ آغاز ہے

کتنی دل کش ہیں صدائیں شیشۂ دل کی ترے

آج تک مانوس کانوں کو وہی آواز ہے

ہر طرف جلوہ نظر آتا ہے ان کے حسن کا

یہ ہمارا دل ہے یا ان کا حریم ناز ہے

کون دل کی داستاں مجھ کو سناتا ہے ذبیحؔ

ذرہ ذرہ دشت کا جو گوشۂ پرواز ہے

مزید غزلیں از ذبیح الہ آبادی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں