پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

زان فرزان کی غزلیں — Zaan Farzaan Ghazals

زان فرزان کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

سمجھ بیٹھا وہ آخر نا سمجھ مجھ کو (غزل)

سمجھ بیٹھا وہ آخر نا سمجھ مجھ کو

میں جس کو خوب کہتا تھا سمجھ مجھ کو

بڑا آسان تھا شاید سمجھنا پر

بڑی ہی دیر میں آیا سمجھ مجھ کو

بڑھا کر پیاس وہ میری لگا کہنے

میں دریا ہوں مگر صحرا سمجھ مجھ کو

جسے آنکھیں کبھی سمجھا نہیں پائیں

بھلا اس سے میں کیوں کہتا سمجھ مجھ کو

نہ خود سے فرض کر کچھ بھی مرے بارے

میں جیسا ہوں کبھی ویسا سمجھ مجھ کو

میں تجھ سے بھیک کیوں مانگوں محبت کی

نہ اتنا بھی گیا گزرا سمجھ مجھ کو

اگر رشتہ میں ہو جائے فضیحت عام

تو اس رشتہ سے وارستہ سمجھ مجھ کو

بجز رب کے یہاں ہے عارضی ہر ساتھ

کم از کم آ گیا اتنا سمجھ مجھ کو

یہ دل کا ٹوٹنا بھی لازمی تھا زانؔ

کبھی آتی نہیں ورنہ سمجھ مجھ کو

دیکھنے کو کیا ہے میرے سامنے (غزل)

دیکھنے کو کیا ہے میرے سامنے

آئنہ رکھا ہے میرے سامنے

بعد اس کے اور تو کیا ہونا تھا

اک نئی دنیا ہے میرے سامنے

کچھ نظر آتا نہیں تیرے سوا

جب بھی تو آتا ہے میرے سامنے

پیٹھ پیچھے کیا ہوا ہوگا وہ بھی

جو نہیں ہوتا ہے میرے سامنے

کشتی تو مجھ کو بچا تو لے گی نا

اک تلاطم سا ہے میرے سامنے

میں مخاطب صرف اس سے ہی رہا

میرا جو سایہ ہے میرے سامنے

سوچا تھا باتیں کریں گے اور تو

روٹھ کے بیٹھا ہے میرے سامنے

فون پر کیا کچھ نہیں کہتا مگر

چپ کھڑا رہتا ہے میرے سامنے

فخر سے میرا خدا کہہ سکتا ہے

زانؔ بس جھکتا ہے میرے سامنے

مزید غزلیں از زان فرزان ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں