پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

یوسف روش کی غزلیں — Yusuf Ravish Ghazals

یوسف روش کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دوستی اب نہ دشمنی اچھی (غزل)

دوستی اب نہ دشمنی اچھی

زندگی اپنی اجنبی اچھی

انجمن ہو کہ بزم تنہائی

ہر نظر سے ہے سادگی اچھی

یہ جو دنیا ہے روز بدلے گی

میں نہ بدلوں تو زندگی اچھی

پھول ہیں بے شمار گلشن میں

منفرد جو ہے وہ کلی اچھی

جلوتوں کے روشؔ بکھیڑے ہیں

خلوتوں کی بری بھلی اچھی

صفوں کو جوڑ کوئی اہتمام پیدا کر (غزل)

صفوں کو جوڑ کوئی اہتمام پیدا کر

نظر کو تاب دے ظرف امام پیدا کر

مجاہدات میں اپنا مقام پیدا کر

خموشیوں سے بھی حسن کلام پیدا کر

چراغ پا نہ ہو لوگوں کی نکتہ چینی پر

دلوں کو جیت سکے وہ مقام پیدا کر

ابھی صدائے طلب سے ہے میکدہ خالی

کہ دور جام میں تاثیر جام پیدا کر

گزر گئے ہیں جو اوقات ان کا ماتم کیا

کوئی سلیقے کا اب تو نظام پیدا کر

روشؔ فضا ہے مکدر منافرت کی جہاں

وہیں کی خاک سے خوشبو مدام پیدا کر

مزید غزلیں از یوسف روش ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں