یوسف تقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تیری یادیں بھی نہیں غم بھی نہیں تو بھی نہیں (غزل)
تیری یادیں بھی نہیں غم بھی نہیں تو بھی نہیں
کتنی ویران ہے یہ آنکھ کہ آنسو بھی نہیں
میرے دل کو مرے احساس کو چھو جاتی تھی
بھیگے بھیگے ترے بالوں کی وہ خوشبو بھی نہیں
ہائے وہ پہلے پہل تیری جدائی کی گھڑی
اب تو پینے کی کوئی چاہ کوئی خو بھی نہیں
جو غم دہر کی راہوں کو حسیں تر کر دے
بہکے بہکے ترے قدموں کا وہ جادو بھی نہیں
اب گنہ گار نظر کی ہے کہاں جائے پناہ
راہ میں دور تلک کوئی پری رو بھی نہیں
برسوں بعد جو دیکھا اس کو سر پر الجھا جوڑا تھا (غزل)
برسوں بعد جو دیکھا اس کو سر پر الجھا جوڑا تھا
جسم بھی تھوڑا پھیل گیا تھا رنگ بھی کچھ کچھ میلا تھا
تم بھی جس کو دیکھ رہے تھے وہ جو ایک اکیلا تھا
دبلا پتلا الجھا حیراں ارمانوں کا میلا تھا
جھیل کا شیشہ نیلے بادل کے ہونٹوں سے بھیگا تھا
دور تلک شاخوں کے نیچے سبز اندھیرا پھیلا تھا
بن دستک بھی کھولے رکھے ہم نے اپنے بند کواڑ
لیکن ہائے بھاگ ہمارا کوئی نہ ملنے آیا تھا
تم یہ سمجھے دیکھ رہی تھی تم کو لیکن تم کیا جانو
روپ تمہارا ہی تھا ویسے روپ میں کس کا سایا تھا
جھوٹ کے پاؤں نہیں ہوتے (نظم)
جھوٹ کے پاؤں نہیں ہوتے
صرف
پاؤں ہی نہیں
کوئی بھی عضو نہیں ہوتا
سوائے زبان کے
جو بڑی ڈھٹائی
بے شرمی اور بے حیائی سے
چلتی ہے
ایوان بالا کے اندر اور باہر
منچوں میں
یا ٹی وی کے مذاکروں
اخبار کی سرخیوں اور
انٹرویوؤں میں
تاکہ معصوم
امن پسند
سادہ لوح انسانوں کو
ورغلا کر
ہلاکت میں ڈال دیا جائے!