یوسف قمر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
دیار غیر میں اپنے دیار کی باتیں (غزل)
دیار غیر میں اپنے دیار کی باتیں
ہوں جیسے عہد خزاں میں بہار کی باتیں
جہان عشق میں اہل دماغ مت ڈھونڈیں
سکون قلب کی باتیں قرار کی باتیں
ہزار فتنوں کا مسکن ہے سینۂ آدم
رموز اہرمن و کردگار کی باتیں
کشاکش غم دنیا سے جب ملے گی نجات
کریں گے گیسو و رخسار یار کی باتیں
مرا دماغ بھی مجبور دل بھی ہے مجبور
میں کس زباں سے کروں اختیار کی باتیں
قمرؔ ہمیں سے ہیں شعر و ادب کے ہنگامے
کرو گے یاد غریب الدیار کی باتیں
فکر بالیدہ کی ندرت سے نکھرتے ہیں خیال (غزل)
فکر بالیدہ کی ندرت سے نکھرتے ہیں خیال
اور اگر ذہن رسا ہو تو سنورتے ہیں خیال
عقل کب کرتی ہے فرسودہ خیالوں کو قبول
فکر بیدار اگر ہو تو ابھرتے ہیں خیال
جدت فکر سے افکار کو ملتی ہے نمو
حسن کردار کی راہوں سے گزرتے ہیں خیال
ذہن خالق ہے خیالات کا تسلیم مگر
ذہن پر صورت الہام اترتے ہیں خیال
صحبت اقبال کی افکار کو دیتی ہے جلا
ان کی صحبت میں بہت خوب نکھرتے ہیں خیال
منتشر ذہن اگر ہو تو نتیجہ معلوم
صورت کاہ ہواؤں میں بکھرتے ہیں خیال
ذہن کو فکر کی تحریک جو مل جائے قمرؔ
محشرستان کی صورت میں گزرتے ہیں خیال