یوسف اعظمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہونٹوں کے صحیفوں پہ ہے آواز کا چہرہ (غزل)
ہونٹوں کے صحیفوں پہ ہے آواز کا چہرہ
سایہ سا نظر آتا ہے ہر ساز کا چہرہ
آنکھوں کی گپھاؤں میں تڑپتی ہے خموشی
خوابوں کی دھنک ہے مرے ہم راز کا چہرہ
میں وقت کے کہرام میں کھو جاؤں تو کیا غم
ڈھونڈے گا زمانہ مری آواز کا چہرہ
سورج کے بدن سے نکل آئے ہیں ستارے
انجام میں بیدار ہے آغاز کا چہرہ
پلکیں ہیں کہ سرگوشی میں خوشبو کا سفر ہے
آنکھوں کی خموشی ہے کہ آواز کا چہرہ
کتنی حسین لگتی ہے چہروں کی یہ کتاب (غزل)
کتنی حسین لگتی ہے چہروں کی یہ کتاب
سطروں کے بیچ دیکھیے پھیلا ہوا عذاب
چیخوں کا کرب نغموں کے شعلے ورق ورق
احساس بن رہا ہے جواں درد کی کتاب
میزان دل میں تولیے پھولوں سے ہر امید
لمحوں میں گھل رہا ہے تمناؤں کا شباب
چہروں پہ آج کتنے نقابوں کا بوجھ ہے
زخمی ہے آئینوں کے سمندر میں ہر حجاب
یہ زندگی ہے سایوں کا بکھرا ہوا کفن
دشت سفر ہے خواب کا پھیلا ہوا سراب
مزید غزلیں از یوسف اعظمی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں