پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

یونس تحسین کی غزلیں — Yunus Tahseen Ghazals

یونس تحسین کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دل کی آواز پہ بیعت بھی تو ہو سکتی ہے (غزل)

دل کی آواز پہ بیعت بھی تو ہو سکتی ہے

تم اگر چاہو محبت بھی تو ہو سکتی ہے

میں جسے سمجھا ہوں آوارہ ہوا کی دستک

تیرے آنے کی بشارت بھی تو ہو سکتی ہے

زندگی تیرے تصور سے ہی مشروط نہیں

تیری یادوں سے ہلاکت بھی تو ہو سکتی ہے

آخری بار تجھے دیکھنا حسرت ہی نہیں

مرنے والے کی ضرورت بھی تو ہو سکتی ہے

کب ضروری ہے کہ ہم قیس کی سنت پہ چلیں

مذہب عشق میں بدعت بھی تو ہو سکتی ہے

اس لئے دیکھتا رہتا ہوں مسلسل تجھ کو

آنکھ محروم بصارت بھی تو ہو سکتی ہے

لفظ شعروں میں جو ڈھلتے نہیں تحسینؔ مرے

سوچ کے رزق میں قلت بھی تو ہو سکتی ہے

شور سے پاک شب و روز گزارے گھر میں (غزل)

شور سے پاک شب و روز گزارے گھر میں

ہم کہ ترسے ہی رہے کوئی پکارے گھر میں

ہم یتیموں کو کہاں آتے تھے نخرے کرنے

یعنی جھگڑا نہیں ہوتا تھا ہمارے گھر میں

ہم تو بس ایک ہی کونے میں پڑے رہتے تھے

اور محرومی رہا کرتی تھی سارے گھر میں

آیتیں کان میں پڑتی تھیں سحر ہونے پر

ہم تو رہتے تھے جہاں بھر سے نیارے گھر میں

ایک ممتا تھی جسے ہم نے خدا سمجھا تھا

جب وہ ہنستی تھی اترتے تھے ستارے گھر میں

ایک حسرت کہ میں حقے کی چلم بھر کر دوں

ایک خواہش کہ مرا باپ کھنکارے گھر میں

چار دیواری تھی غربت بھی تھی یعنی تحسینؔ

ایک دیوار زیادہ تھی ہمارے گھر میں

مزید غزلیں از یونس تحسین ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں