یونس مخمور کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
مار ڈالے گا ترے ہجر کا غم آج کی رات (غزل)
مار ڈالے گا ترے ہجر کا غم آج کی رات
مجھ سے دامن نہ بچا میرے صنم آج کی رات
اپنے ہاتھوں سے مجھے جام دیا ہے اس نے
مے کدہ بھی ہے مرے واسطے کم آج کی رات
اور الجھائیں گے الجھے ہوئے دل کو میرے
یاد آئے ہیں تری زلف کے خم آج کی رات
وہ بھی ہیں چاند بھی نغمہ بھی صبا بھی ہم راہ
کیسا رنگین ہے موسم کا کرم آج کی رات
شور فریاد ہے زنداں میں ہمیشہ کی طرح
پھر کھنکتی ہے وہ زنجیر ستم آج کی رات
یاد آئی ہے تمہیں اس کی کہانی مخمورؔ
خوں اگلتا ہے جو کاغذ پہ قلم آج کی رات
ستم بے سہاروں پہ ڈھائے گئے ہیں (غزل)
ستم بے سہاروں پہ ڈھائے گئے ہیں
ستائے ہوئے ہی ستائے گئے ہیں
ہمیشہ رہی جن کی تعبیر الٹی
وہی خواب ہم کو دکھائے گئے ہیں
انا الحق جو کہتے رہے زندگی بھر
وہی سولیوں پر چڑھائے گئے ہیں
کہیں سر چھپانے کو چھت بھی نہیں ہے
کہیں قصر و ایواں بنائے گئے ہیں
تعصب نے جب بھی کہیں سر اٹھایا
بہا ہے لہو گھر جلائے گئے ہیں
ایک ہیں ہم ایکتا کے گیت گائیں ساتھیو (نظم)
ایک ہیں ہم ایکتا کے گیت گائیں ساتھیو
دیش کی دھرتی کو مل جل کر سجائیں ساتھیو
نفرتوں کی آگ اب پھولوں کے من میں کیوں رہے
بے وطن یوں پیار کی خوشبو چمن میں کیوں رہے
رات اماوس کی سدا اپنے وطن میں کیوں رہے
بن کے سورج آسماں پر جگمگائیں ساتھیو
اپنی آنکھوں میں جلائیں ہم محبت کے چراغ
سب کے ذہنوں سے مٹیں گزرے ہوئے لمحوں کے داغ
دل کی دھرتی پر لگائیں پھر نئے خوابوں کے باغ
پھر بہاروں کے قدم اس گھر میں آئیں ساتھیو
قوم کے مذہب کے جھگڑوں سے ہمیں کیا کام ہے
ہند کے ہیں ہم سبھی ہندوستانی نام ہے
دھیان سے سنئے سمے کا ایک ہی پیغام ہے
کرودھ چھوڑیں پھول بن کے مسکرائیں ساتھیو
کب سے غیروں کی لگائی آگ میں جلتے ہیں ہم
کیسے مورکھ ہیں پرائی آگ میں جلتے ہیں ہم
ہم وطن ہیں بھائی بھائی آگ میں جلتے ہیں ہم
کیوں جلیں اس آگ میں اس کو بجھائیں ساتھیو