یاسمین حسینی زیدی نکہت کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کیسے ہر درد کو سینے میں چھپائے رکھیں (غزل)
کیسے ہر درد کو سینے میں چھپائے رکھیں
اور ہونٹوں پہ تبسم کو سجائے رکھیں
جو تھے اپنے وہ زمانہ ہوا سب چھوڑ گئے
کب تلک بزم کو غیروں سے سجائے رکھیں
یہ سنا ہے کہ وہاں دیر ہے اندھیر نہیں
تو چلو بہر دعا ہاتھ اٹھائے رکھیں
جب یہ چھٹ جائیں گے بادل تو کرن پھوٹے گی
شمع امید کی اک ہم بھی جلائے رکھیں
یوں تو بھولے سے بھی اب یاں نہ کوئی آئے گا
احتیاطاً ہی مگر گھر کو سجائے رکھیں
دل میں سوئی ہوئی چنگاری نے کروٹ لی ہے
اب تو اس آگ سے دامن کو بچائے رکھیں
ہوگا نکہتؔ سے معطر یہ چمن بھی اک روز
بس تری یاد کے پودوں کو لگائے رکھیں
بے حال دل کا حال کروں تو غزل کہوں (غزل)
بے حال دل کا حال کروں تو غزل کہوں
جینے کا پھر ملال کروں تو غزل کہوں
دل تو مثال سنگ ہے ٹوٹے گا کیا بھلا
خستہ جگر کا حال کروں تو غزل کہوں
یہ رنگ چار روزہ ہے رعنائی چار روز
جو حسن لا زوال کروں تو غزل کہوں
ہے لطف اس میانہ روی میں بھلا کہاں
کچھ امر با کمال کروں تو غزل کہوں
موسم نہ سرد گرم نہ طوفاں کا زور ہے
اب خود ہی کچھ وبال کروں تو غزل کہوں
مدت ہوئی حبیب سے شکوہ کئے ہوئے
اب اس سے کچھ سوال کروں تو غزل کہوں
ہیں اس جہاں میں اچھے سخنور ہزارہا
نکہتؔ کو بے مثال کروں تو غزل کہوں