یاسمین برکت کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
چشم تر پہ نقش ہے ان منظروں کا سلسلہ (غزل)
چشم تر پہ نقش ہے ان منظروں کا سلسلہ
بڑھتے بڑھتے بڑھ گیا ہے فاصلوں کا سلسلہ
ہم سلامت کس طرح رہتے بھلا سچ بول کر
چار سو بکھرا پڑا تھا پتھروں کا سلسلہ
دل کی وحشت مانگتی ہے لا مکاں کی وسعتیں
اک نظر بھاتا نہیں مجھ کو گھروں کا سلسلہ
نیند کا احساس روشن قمقموں میں کھو گیا
آ بسا آنکھوں میں میرے رتجگوں کا سلسلہ
وہ انا کے خول میں تھا میں انا سے دور تھی
میرے اس کے درمیاں تھا الجھنوں کا سلسلہ
کیوں نظر آتی نہیں لوگوں کو اپنی صورتیں
دور تک پھیلا ہے جبکہ آئنوں کا سلسلہ
یاسمیںؔ جن سے میسر ہو تراوت آنکھ کو
دیکھنا ہے اب مجھے ایسی رتوں کا سلسلہ
مزید غزلیں از یاسمین برکت ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں