پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

یاسمین مومل کی غزلیں — Yasmeen Moomal Ghazals

یاسمین مومل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

آ رہے ہیں راستے پر آ رہے ہیں (غزل)

آ رہے ہیں راستے پر آ رہے ہیں

وہ جنہیں برسوں سے ہم سمجھا رہے ہیں

ہیں بہت الجھے ہوئے الفت کے رستے

رفتہ رفتہ ہم انہیں سلجھا رہے ہیں

وہ ہمیں پر پھینکنے لگتے ہیں پتھر

آئنہ جن کو بھی ہم دکھلا رہے ہیں

کچھ پرانی حسرتوں کی لاش ہے یہ

ہم جسے کاندھے پہ لے کر جا رہے ہیں

لے رہی ہے زندگی کروٹ پہ کروٹ

تھپکیاں دے کر اسے بہلا رہے ہیں

آب الفت سے کوئی سیراب کر دے

خواب آنکھوں کے مرے مرجھا رہے ہیں

یاسمیںؔ بے ساختہ ان سے یہ کہہ دو

آپ ہی بس میرے دل کو بھا رہے ہیں

زیست کے اندھیرے میں روشنی نہیں آتی (غزل)

زیست کے اندھیرے میں روشنی نہیں آتی

یاد آج کل مجھ کو آپ کی نہیں آتی

موت سے بہت پہلے لوگ مرتے دیکھے ہیں

راس ہر کسی کو یہ زندگی نہیں آتی

آئنہ ہوں الفت کا میں اسی لیے مجھ کو

دوستی تو آتی ہے دشمنی نہیں آتی

آپ جیسے کرتے ہیں بھول کر زمانے کو

اس طرح مجھے کرنی بندگی نہیں آتی

جو بھی کام کرتے ہیں دل لگا کے کرتے ہیں

آپ کی قسم ہم کو دل لگی نہیں آتی

جب تلک شجر کو ہم سینچتے نہیں جڑ تک

تب تلک تو اس میں بھی تازگی نہیں آتی

کر دیا ہے زخموں نے یاسمیںؔ کا دل پتھر

مسکراتے ہونٹوں پر اب ہنسی نہیں آتی

مزید غزلیں از یاسمین مومل ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں