پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

یاسمین حمید کی غزلیں — Yasmeen Hameed Ghazals

یاسمین حمید کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

پردہ آنکھوں سے ہٹانے میں بہت دیر لگی (غزل)

پردہ آنکھوں سے ہٹانے میں بہت دیر لگی

ہمیں دنیا نظر آنے میں بہت دیر لگی

نظر آتا ہے جو ویسا نہیں ہوتا کوئی شخص

خود کو یہ بات بتانے میں بہت دیر لگی

ایک دیوار اٹھائی تھی بڑی عجلت میں

وہی دیوار گرانے میں بہت دیر لگی

آگ ہی آگ تھی اور لوگ بہت چاروں طرف

اپنا تو دھیان ہی آنے میں بہت دیر لگی

جس طرح ہم کبھی ہونا ہی نہیں چاہتے تھے

خود کو پھر ویسا بنانے میں بہت دیر لگی

یہ ہوا تو کہ ہر اک شے کی کشش ماند پڑی

مگر اس موڑ پہ آنے میں بہت دیر لگی

کیا ہوا کوئی سوچتا بھی نہیں (غزل)

کیا ہوا کوئی سوچتا بھی نہیں

اور کہنے کو کچھ ہوا بھی نہیں

جیسے گم ہو گئی شناخت مری

اب کوئی مجھ کو ڈھونڈھتا بھی نہیں

جس سے رہنے لگے گلے مجھ کو

وہ ابھی مجھ کو جانتا بھی نہیں

ایسا خاموش بھی نہیں لگتا

اور کچھ منہ سے بولتا بھی نہیں

چاہتا ہے جواب بھی سارے

اور کچھ مجھ سے پوچھتا بھی نہیں

مسترد بھی کبھی نہیں کرتا

وہ مری بات مانتا بھی نہیں

داد دیتا ہے جیتنے پہ مجھے

اور کبھی مجھ سے ہارتا بھی نہیں

خواب تک میرے چھین لیتا ہے

اور کچھ مجھ سے مانگتا بھی نہیں

اس طرف سب چراغ جلتے ہیں

جس طرف کوئی راستہ بھی نہیں

رات دن پر محیط ہے تو رہے

روشنی کوئی چاہتا بھی نہیں

ڈوبتے آفتاب کی جانب

دیر تک کوئی دیکھتا بھی نہیں

اندھیرے سے (نظم)

اندھیرے سے

کشید صبح کی

روشن گواہی مانگنے سے

رات کے لمحے

نہ گھٹتے ہیں

نہ بڑھتے ہیں

کبھی گہرے بھنور کے بیچ اٹھتی

دوریوں کی دھند میں لپٹی

کسی کی ساحلی آواز

دریا کا کنارا بھی نہیں ہوتی

دکھوں کی اپنی اک تفسیر ہوتی ہے

جو اپنے لفظ خود ایجاد کرتی ہے

جو خوابوں سے الجھتی ہے

جو خوابوں سے زیادہ

معتبر ہوتی ہے

لیکن کشف کا لمحہ

مسافت کی ہزاروں منزلوں کے بعد آتا ہے

نمود گوہر کم یاب کی ساعت میں

خالی سیپیوں کا ڈھیر بے معنی نہیں ہوتا

مزید غزلیں از یاسمین حمید ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں