پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

یاسمین حبیب کی غزلیں — Yasmeen Habeeb Ghazals

یاسمین حبیب کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جو چلا گیا سو چلا گیا جو ہے پاس اس کا خیال رکھ (غزل)

جو چلا گیا سو چلا گیا جو ہے پاس اس کا خیال رکھ

جو لٹا دیا اسے بھول جا جو بچا ہے اس کو سنبھال رکھ

کبھی سر میں سودا سما کوئی کبھی ریگزار میں رقص کر

کبھی زخم باندھ کے پاؤں میں کہیں سرخ سرخ دھمال رکھ

جو چرائی ہے شب تار سے کئی رتجگوں کو گزار کے

وہی کاجلوں کی لکیر ہے اپنی آنکھ میں ڈال ڈال رکھ

کسی تارہ تارہ فراق سے کوئی گفتگو کوئی بات کر

یہ جواب گاہ شعور ہے کوئی اپنے پاس سوال رکھ

ترے درد سارے گراں بہا تری وحشتیں ہیں عظیم تر

وہی بال کھول کے بین کر وہی شام صحن ملال رکھ

جہاں لغزشوں سے مفر نہیں یہ وہ آگہی کا مقام ہے

یہاں ہست و بود کو بھول جا نئی قربتوں سے وصال رکھ

یہ جو روشنی کا ہے دائرہ یہ رہین شمس و قمر نہیں

ترے بس میں کب تھا کہ اب رہے تو عروج رکھ یا زوال رکھ

ابھی گزرے دنوں کی کچھ صدائیں شور کرتی ہیں (غزل)

ابھی گزرے دنوں کی کچھ صدائیں شور کرتی ہیں

دریچے بند رہنے دو، ہوائیں شور کرتی ہیں

یہی تو فکر کے جلتے پروں پہ تازیانہ ہے

کہ ہر تاریک کمرے میں دعائیں شور کرتی ہیں

کہا نا تھا حصار اسم اعظم کھینچنے والے

یہاں آسیب رہتے ہیں بلائیں شور کرتی ہیں

ہمیں بھی تجربہ ہے بے گھری کا چھت نہ ہونے کا

درندے، بجلیاں، کالی گھٹائیں شور کرتی ہیں

ابھی گرد سفر کے گریے کی ہے گونج کانوں میں

ابھی کیوں منتظر خالی سرائیں شور کرتی ہیں

ہمیں سیراب رکھا ہے خدا کا شکر ہے اس نے

جہاں بنجر زمینیں ہوں انائیں شور کرتی ہیں