پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

یاسر تحسین کی غزلیں — Yasir Tahsin Ghazals

یاسر تحسین کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

پہن کے کھادی امن کی باتیں کیا کریں گے (غزل)

پہن کے کھادی امن کی باتیں کیا کریں گے

ابھی جو قاتل ہیں کل مسیحا ہوا کریں گے

یہ لوگ سارے جو میرے مرنے پہ غمزدہ ہیں

ابھی جو اٹھ کے میں بیٹھ جاؤں تو کیا کریں گے

وہ کہہ رہے ہیں کہ خود کو ان کے حوالے کر دوں

تو میرے بدلے پچاس قیدی رہا کریں گے

جو تو نہ ہوگا تو دل حویلی سرائے ہوگی

سرائے جس میں حسین چہرے رکا کریں گے

فقط وفا کے تجارتی ہیں یہ لوگ سارے

ملے گی جب تک وفا تبھی تک وفا کریں گے

سچ سے ملتا جلتا بول (غزل)

سچ سے ملتا جلتا بول

جھوٹ میں کچھ تو سچا بول

یا تو آنکھوں دیکھا بول

یا آنکھوں کا دھوکا بول

یہ وہ ایسے ویسے کیا

جتنا پوچھوں اتنا بول

اتنا سب کچھ کہنے میں

جو تو کہہ نہیں پایا بول

تھک جائیں ساری آواز

اپنی چپ سے اتنا بول

خاموشی کی فوج کے ساتھ

آوازوں پہ ہلا بول

مزید غزلیں از یاسر تحسین ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں