پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

یاسر شاہ راشدی کی غزلیں — Yasir Shah Rashidi Ghazals

یاسر شاہ راشدی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تم رونق حیات تھے جب تم نہیں رہے (غزل)

تم رونق حیات تھے جب تم نہیں رہے

ہونٹوں پہ وہ گزشتہ تبسم نہیں رہے

انساں کہاں بچے جو محبت فنا ہوئی

یعنی شراب ختم ہوئی خم نہیں رہے

اچھا ہوا کہ چھوڑ دیا آپ نے ہمیں

اچھا ہوا کہ ہم ابھی گم صم نہیں رہے

ہونا نہ ہونا اپنا برابر ہے دوستو

ہم تم یوں رہ گئے ہیں کہ ہم تم نہیں رہے

یادش بخیر گاؤں کی تاروں بھری وہ رات

اس روشنی کے شہر میں انجم نہیں رہے

کتنے مہان لوگ جہاں سے گزر گئے (غزل)

کتنے مہان لوگ جہاں سے گزر گئے

کیا چیز ہیں ہم آپ کہ جب وہ بھی مر گئے

اک گرد اٹھی وبا کی چھٹی تو نظر پڑی

ہائے وہ اقربا وہ احبا کدھر گئے

غیروں کو کیا خبر مزے اپنوں سے وصل کے

تم جانو موت اس کو میاں ہم تو گھر گئے

آخر کھلا پڑا جو بتوں سے معاملہ

ہم جی ہی جی میں خوش تھے کہ لو ہم سنور گئے

واعظ تھا خوش کہ کان کھڑے وعظ سے ہوئے

گھر سے چلے تھے خر جو گئے بھی تو خر گئے

نظریں نہیں بچائیں تو بت ہائے مرمریں

آنکھوں کی راہ سے کہیں دل میں اتر گئے

اک با خدا کی خوش نظری کام کر گئی

آئے تھے ملنے شاہؔ لگا کے نظر گئے

مزید غزلیں از یاسر شاہ راشدی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں