یاسر رضا آصف کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہنس کر ملتے ہو بھائی (غزل)
ہنس کر ملتے ہو بھائی
بغض بھی رکھتے ہو بھائی
میں تو برف کا ٹکڑا ہوں
مجھ سے جلتے ہو بھائی
اور میں اب کتنا چیخوں
اونچا سنتے ہو بھائی
تم بھی پاک پتن سے ہو
چنچل لگتے ہو بھائی
اندر سے بھی ویسے ہو
جیسے دکھتے ہو بھائی
آگ اگلتے منظر کو
کیا لکھ سکتے ہو بھائی
مزدوری بھی کرتے ہو
عشق بھی کرتے ہو بھائی
آصفؔ اونچے شملوں سے
تم کیوں ڈرتے ہو بھائی
ساتھ لے کر آئے ہیں وہ روشنی اور چند پھول (غزل)
ساتھ لے کر آئے ہیں وہ روشنی اور چند پھول
منسلک باہم ہوئے ہیں زندگی اور چند پھول
تذکرہ شامل رہا ان میں تمہارے حسن کا
راس ہم کو آ گئے ہیں شاعری اور چند پھول
کتنا معنی خیز ہے یہ روپ قبرستان کا
قبر سے لپٹے ہوئے ہیں خامشی اور چند پھول
اک مسلسل روگ ہے یہ منتظر آنکھوں کا روگ
یاد کے جنگل میں چمکے پھر ہنسی اور چند پھول
میری آنکھوں سے ٹپک کر اشک پتھر بن گئے
تیرے لہجے کی کھنک ہیں چاندنی اور چند پھول
جی یہ چاہے کیمرے کی آنکھ میں محفوظ ہوں
کھلکھلاتی دھوپ میں یہ جنوری اور چند پھول
کوئی بتلائے گا آصفؔ اس کی ہے تعبیر کیا
خواب میں دیکھے ہیں اکثر اک پری اور چند پھول