پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

یاسر رامپوری کی غزلیں — Yasir Rampuri Ghazals

یاسر رامپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

سرخ رخسار حسیں ہونٹ غزالی آنکھیں (غزل)

سرخ رخسار حسیں ہونٹ غزالی آنکھیں

چاند چہرے پہ قیامت ہیں یہ کالی آنکھیں

پہلے کچھ خواب بھی تھے نیند بھی تھی اشک بھی تھے

تو جدا جب سے ہوا ہو گئیں خالی آنکھیں

ہونٹ بیتاب ہیں ان سب کے جوابات لیے

مجھ سے جو پوچھتی رہتی ہیں سوالی آنکھیں

خیر چہرہ تو بنا لوں گا میں جیسے تیسے

کس طرح اتریں گی کاغذ پہ خیالی آنکھیں

اپنے دکھ سے بھی سوا جن کو دکھے غیر کا دکھ

ڈھونڈ کر لائے کوئی ایسی مثالی آنکھیں

قابل رشک ہے اس شخص کی قسمت یاسرؔ

مل گئیں جس کو تجھے دیکھنے والی آنکھیں

جینے کی تھی جو دل میں تمنا وہ مر گئی (غزل)

جینے کی تھی جو دل میں تمنا وہ مر گئی

تم کیا گئے کہ عشق کی دنیا بکھر گئی

اللہ اس نگاہ کی تاثیر کیا کہوں

سینے کو چیرتی ہوئی دل میں اتر گئی

باب قبول پا نہ سکی میری ایک آہ

ہر چند لڑکھڑاتی ہوئی در بدر گئی

سینے پہ اس نے دست حنائی جو رکھ دیا

دل کی زمین بوئے محبت سے بھر گئی

آیا نہ کچھ خیال تجھے سوچنے کے بعد

دیکھا تجھی کو ہم نے جہاں تک نظر گئی

کس درجہ ہولناک تھا منظر حیات کا

دہشت کے مارے موت مجھے دیکھ ڈر گئی

یاسرؔ ہوا یہ فائدہ رونے سے عشق میں

آنسو بہے تو چہرے کی رنگت نکھر گئی

کٹ ہی نہ پائی ایک یہ ظالم شب فراق

سو بار ہم پہ آ کے قیامت گزر گئی

مزید غزلیں از یاسر رامپوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں