پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

یاسر خان انعام کی غزلیں — Yasir Khan Inam Ghazals

یاسر خان انعام کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہم نے کب چاہا کہ وہ شخص ہمارا ہو جائے (غزل)

ہم نے کب چاہا کہ وہ شخص ہمارا ہو جائے

اتنا دکھ جائے کہ آنکھوں کا گزارہ ہو جائے

ہم جسے پاس بٹھا لیں وہ بچھڑ جاتا ہے

تم جسے ہاتھ لگا دو وہ تمہارا ہو جائے

تم کو لگتا ہے کہ تم جیت گئے ہو مجھ سے

ہے یہی بات تو پھر کھیل دوبارہ ہو جائے

ہے محبت بھی عجب طرز تجارت کہ یہاں

ہر دکاں دار یہ چاہے کہ خسارہ ہو جائے

زمیں بنائی گئی آسماں بنایا گیا (غزل)

زمیں بنائی گئی آسماں بنایا گیا

برائے عشق یہ سارا جہاں بنایا گیا

تمہاری نا کو ہی آخر میں ہاں بنایا گیا

یقیں کے چاک پے رکھ کر گماں بنایا گیا

تم اس کے پاس ہو جس کو تمہاری چاہ نہ تھی

کہاں پہ پیاس تھی دریا کہاں بنایا گیا

ہمارے ساتھ کوئی دو قدم بھی چل نہ سکا

کسی کے واسطے اک کارواں بنایا گیا

بدل کے دیکھ لو تم جسم چاہے اوروں سے

وہیں پہ ٹھیک ہے جس کو جہاں بنایا گیا

کسی کو جب بھی ضرورت پڑی سیاہی کی

ہمارا جسم جلا کر دھواں بنایا گیا

بس ایک میں ہی تھا بستی میں بولنے والا

تو سب سے پہلے مجھے بے زباں بنایا گیا

وقت کیا ہے کسی شے کے ہونے سے لے کر نہ ہونے تلک کا وہ دورانیہ ہے (نظم)

وقت کیا ہے کسی شے کے ہونے سے لے کر نہ ہونے تلک کا وہ دورانیہ ہے

جس میں وہ اپنے ہونے نہ ہونے کا احساس بھی

گو کسی شکل میں ہو کراتی رہے

عمر کیا ہے فقط چند ذرات کا

ایک مدت تلک ایک ہی شکل میں

ایک دوجے سے لپٹے ہوئے وقت کو کاٹنا

عمر انسان کی سو برس کچھ زیادہ ہوئی

عمر ستر عرب سال بھی

اک ستارے کا کچھ بھی نہیں

جسم کیا ہے

وہی چند ذرات کی ایک شکل

جیسے میں

جیسے تو

وقت اک لوپ ہے

جس میں ذرات گردش میں ہیں

جیسے میں اور تو ایک انسانی شکل

عین ممکن ہے کچھ سو عرب سال بعد

کچھ مرے جسم کے کچھ ترے جسم کے چند ذرات مل کر کوئی شکل لیں

اب میں خوش ہوں کہ کچھ سو عرب سال بعد

اپنے ملنے کا کوئی تو امکان ہے

مزید غزلیں از یاسر خان انعام ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں