پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

یاسر اقبال کی غزلیں — Yasir Iqbal Ghazals

یاسر اقبال کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تم ٹہنیوں کی پھلجھڑیوں سے جشن شاہ بلوط منانا (غزل)

تم ٹہنیوں کی پھلجھڑیوں سے جشن شاہ بلوط منانا

شہزادے کے شگوفے کو اک شاخچۂ مضبوط بتانا

سینوں کے احراموں والے زندہ عجوبے دھڑ دھڑ دھڑکیں

نیم دلوں کے نیل کنارے تب سامان حنوط بہانا

کچھ درباری گھوڑوں پر بھگدڑ سے بڑی مصیبت یہ ہے

گلی گلی کے خرگوشوں کو حال بہت مربوط سنانا

رنگ برنگی تسخیروں کے بستر کا رومان سنبھالو

پائنتی خواہ جداگانہ ہو رکھو مگر مخلوط سرہانا

محراب و مینار و گنبد یاد کی اک تجسیم تو ہوں گے

جب تعمیر محبت کرنا ہر گوشہ مخروط بنانا

رسم و راہ بڑھی تو حسن کے ہر پہلو سے علاقہ رہے گا

خطۂ خاکی سے روزانہ غیر ضروری خطوط مٹانا

میری گمٹی پر سے ابھرے اور اس کی برجی میں ڈوبے

دل کے ستارے تیرے طلوع سے مجھ کو تیرا سقوط سہانا

پانی کی دریا پرداز عبارت بھی مجہول گئی (غزل)

پانی کی دریا پرداز عبارت بھی مجہول گئی

سوتوں والی بیل پھوٹنے جھڑنے میں مشغول گئی

نقش پائے سبز پہ ریجھ گئے تو یہ زنجیر کٹی

زرد پاؤں کی وحشت تھی کہ سفر کی کڑیاں بھول گئی

آوازیں رنگ و بو کی تھیں سو پک تھک کر ٹوٹ گریں

خاموشی کی شاخ بھری سو حسب سماعت جھول گئی

کیا متعدی فعل ہوا مٹی کی ازلی تختی پر

بودش کی تسطیر مسلسل مٹنے تک مفعول گئی

پود گھروں میں شور اٹھا دابوں نے کہا ہم باغی ہیں

گملوں کی تحریک باغ منڈیروں تک نرمول گئی

آمد خواب دور دراز کو بھالتے چہرے بکھر گئے

ماہ و سال کے جھکڑ سے بس دروازوں تک دھول گئی

روزن چشم کے ہونے سے یہ نوشتہ نظر انداز ہوا

دیکھو اس دیوار دل کی اک اک اینٹ فضول گئی

مزید غزلیں از یاسر اقبال ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں