یاسر ابوالعاص کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ورق ہٹا کے حقیقت میں زندگی سمجھے (غزل)
ورق ہٹا کے حقیقت میں زندگی سمجھے
کہاں ملے کوئی ایسا جو بے بسی سمجھے
جو حادثات زمانہ سے ہو شکستہ دل
ہماری روح کے ہر کرب کو وہی سمجھے
سکوں نہ آئے اسے ایک پل بھی میرے بغیر
مرا عزیز ہمیشہ مری کمی سمجھے
ہمیشہ سود و زیاں کا ہی جو حساب کرے
وہ شخص کیا ہی محبت کی چاشنی سمجھے
سخن شناس تو ہیں میرے شہر میں لیکن
مجھے تلاش ہے اس کی جو خامشی سمجھے
ہم اہل دل ہیں ہمیں فلسفے سے کیا مطلب
ہمارے ساتھ وہ بیٹھے جو شاعری سمجھے
خوش نہ ہو چند چراغوں کو بجھانے والے (غزل)
خوش نہ ہو چند چراغوں کو بجھانے والے
لاکھ آئیں گے ابھی شمع جلانے والے
تو ستم گر ہے ستم گر ہی کہیں گے ہم تو
گرچہ کہتے ہوں مسیحا یہ زمانے والے
تو مجھے خاک زمانے سے مٹا پائے گا
تجھ سے گزرے ہیں بہت مجھ کو مٹانے والے
سب پہ حاکم کی اطاعت ہے ضروری لیکن
ان کے در پر نہیں ہم سر کو جھکانے والے
کتنی پستی میں ہیں سب تجھ پہ بھروسہ کر کے
اب کہ ہم چال میں تیری نہیں آنے والے
اس حکومت کے نشے میں نہ ہو فرعون کے مثل
غرق ہوتے ہیں خدا خود کو بتانے والے
ان کے چہرے کی ہنسی صرف دکھاوا ہے کہ خود
خوب روتے ہیں اکیلے میں ہنسانے والے
عمر بھر ہو کے قدم بوس گراتے آنسو
لوٹ آتے جو کبھی چھوڑ کے جانے والے
روز دیتے ہیں نیا زخم یہ کہہ کر یاسرؔ
ہیں بہت زخم پہ مرہم کو لگانے والے