یشپال گپتا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
یوں باغ کوئی ہم نے اجڑتا نہیں دیکھا (غزل)
یوں باغ کوئی ہم نے اجڑتا نہیں دیکھا
مدت سے کسی پھول کا چہرہ نہیں دیکھا
اس شہر میں شاید کوئی دل والا نہیں ہے
جو حسن کہیں بنتا سنورتا نہیں دیکھا
صیاد سے گل کرتے رہے جان کا سودا
مالی نے لہو کا کوئی دریا نہیں دیکھا
جو سکھ کے اجالے میں تھا پرچھائیں ہماری
اب دکھ کے اندھیرے میں وہ سایا نہیں دیکھا
ادراک کی سرحد پہ کئی بار گیا ہوں
جو حد سے گزر جاتا وہ لمحہ نہیں دیکھا
خوددارئ انساں کو اماں کیسے ملے گی
مدت سے زمانے میں مسیحا نہیں دیکھا
تیرے الطاف کا لطف اٹھاتے رہے (غزل)
تیرے الطاف کا لطف اٹھاتے رہے
نور برسا کیا ہم نہاتے رہے
کون تھا وہ خدایا خدا کا جمال
من ہی من میں پہیلی بجھاتے رہے
یہ سمجھ کر فقیری ہی میں ہے خدا
گن ہمیشہ فقیروں کے گاتے رہے
راز حق آشنا کا کھلا جب کبھی
بادشہ تک حضوری میں آتے رہے
ہم نے صحرا میں تنہا جلایا دیا
پھر سدا آندھیوں سے بچاتے رہے
صبر کی جستجو میں پھرے در بدر
یشؔ گداگر سے یہ فیض پاتے رہے