پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

یشب تمنا کی غزلیں — Yashab Tamanna Ghazals

یشب تمنا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

شام کو اس نے میری خاطر سجنا چھوڑ دیا (غزل)

شام کو اس نے میری خاطر سجنا چھوڑ دیا

میں نے بھی دفتر سے جلدی آنا چھوڑ دیا

کب تک اس کے ہجر میں آنکھیں روتیں آخر کو

دریا نے بھی اپنے رخ پر بہنا چھوڑ دیا

پہلے پہلے ہم نے کہنا سننا چھوڑا تھا

ہوتے ہوتے ہم نے باتیں کرنا چھوڑ دیا

اس نے خواب میں آنے کی امید بندھائی ہے

ہجر کی شب کو میں نے تارے گننا چھوڑ دیا

جب سے اپنے دل کے اس نے زخم دکھائے ہیں

میں نے بھی مونس سے باتیں کرنا چھوڑ دیا

وصل بھی ہجر تھا وصال نہ تھا (غزل)

وصل بھی ہجر تھا وصال نہ تھا

مل رہے تھے مگر خیال نہ تھا

مل رہے تھے کہ دونوں تنہا تھے

گفتگو میں بھی قیل و قال نہ تھا

میرے اور اس کے درمیان ابھی

کوئی بھی سلسلہ بحال نہ تھا

راستے ختم ہو چکے تھے مگر

واپسی کا کوئی سوال نہ تھا

یہ بھی اک مرحلہ تمام ہوا

ہو گئے تھے جدا ملال نہ تھا

وہ ترا حسن ہو کہ عشق مرا

کوئی پابند ماہ و سال نہ تھا

کسی کو دیکھنا (نظم)

کسی کو دیکھنا

بس دیکھتے رہنا

مسلسل دھیان میں رکھنا

اسے چھونے

اسے پانے کی خواہش

دل میں رکھنا

اگر اس سے بچھڑنے کا تصور

دل میں آ جائے

تو دل بس ڈوب سا جائے

اکیلے میں مگر پھر پوچھنا خود سے

محبت کیوں ضروری ہے

محبت کس کو کہتے ہیں

مزید غزلیں از یشب تمنا ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں