پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

یٰسین براری کی غزلیں — Yaseen Barari 1 Ghazals

یٰسین براری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

انسان سے انسان کو نفرت نہیں اچھی (غزل)

انسان سے انسان کو نفرت نہیں اچھی

احسان جتانے کی بھی عادت نہیں اچھی

بھائی کی برائی جو کیا کرتا ہے ہر دم

ہر ایسے منافق کی محبت نہیں اچھی

ذلت کے سوا اور نہ کچھ اس کو ملے گا

مکار و گنہ گار کی صحبت نہیں اچھی

کرتا ہے امانت میں خیانت جو سراسر

ہر ایسے بشر سے کوئی نسبت نہیں اچھی

آئے نہ کبھی کام غریبوں کے تو اے دوست

انبار ہو دولت کا وہ دولت نہیں اچھی

گلشن کے سنورنے میں لہو ہم نے دیا ہے

حق دار گلستاں سے بغاوت نہیں اچھی

انصاف غریبوں کو جو منصف نہ دلائے

ہو ایسی جہاں پر وہ عدالت نہیں اچھی

یاسینؔ جو فطرت ہے بدلتی نہیں لیکن

ہے وقت بدل جو تری عادت نہیں اچھی

محبت کرنے والوں کی عنایت بھی ضروری ہے (غزل)

محبت کرنے والوں کی عنایت بھی ضروری ہے

جو ہے سچی محبت تو صداقت بھی ضروری ہے

مسلماں ہو کہ ہندو ہو یہودی ہو کہ عیسائی

خدا کے ایک اک بندے پہ طاعت بھی ضروری ہے

گنہ کوئی اگر ہو جائے تم سے جانے انجانے

بہانا اشک تم بے حد ندامت بھی ضروری ہے

خدا کا واسطہ ظالم کو دے کر پہلے سمجھاؤ

جو نہ مانے کسی سے تو عداوت بھی ضروری ہے

زمانے بھر کے شعبوں میں سبق ایمان کا دینا

اگر ہے سرخ رو ہونا صداقت بھی ضروری ہے

نکل آؤ غم ضبط الم سے آج پھر یاسینؔ

مظالم ڈھانے والوں سے بغاوت بھی ضروری ہے

مزید غزلیں از یٰسین براری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں