پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

یاسین انصاری کی غزلیں — Yaseen Ansari Ghazals

یاسین انصاری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کردار میں فرشتوں کے جیسے بھی ہوتے ہیں (غزل)

کردار میں فرشتوں کے جیسے بھی ہوتے ہیں

کچھ لوگ ہر سماج میں اچھے بھی ہوتے ہیں

مل جائیں گے وہ تجھ کو انہیں تو تلاش کر

ہاں کوئلے کی کان میں ہیرے بھی ہوتے ہیں

دامن بچا کے ان سے گزرنا ہے آپ کو

گل ہی نہیں گلستاں میں کانٹے بھی ہوتے ہیں

چہرے کو دیکھ کر نہ کوئی فیصلہ کرو

لوگوں کے چہرے پر کئی چہرے بھی ہوتے ہیں

گھر کے بڑے بزرگوں کی عزت کرو سدا

مانا دوا کی طرح یہ کڑوے بھی ہوتے ہیں

آسان زندگی کا سفر ہے بہت مگر

یاسینؔ اس کے راستے ٹیڑھے بھی ہوتے ہیں

نشہ دولت کا کچھ ایسا چڑھا ہے (غزل)

نشہ دولت کا کچھ ایسا چڑھا ہے

زمیں پر وہ اکڑ کر چل رہا ہے

بھلائی کا نہیں کچھ بھی صلہ کیا

بھلائی کرنے والا سوچتا ہے

مگر ہمت بھی ہے ہم راہ میرے

سفر تو واقعی کانٹوں بھرا ہے

حد منزل میں اب میرے قدم ہیں

بہت کم فاصلہ اب رہ گیا ہے

زمانے کی شکایت کر رہے ہو

بتاؤ تم نے اس کو کیا دیا ہے

کہاں میں اور کہاں فن شاعری کا

یقیناً یہ مرے رب کی عطا ہے

ملا یاسینؔ سے جو اپنا بن کر

بھروسہ اس نے اس پر کر لیا ہے

مزید غزلیں از یاسین انصاری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں