پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

یعقوب تصور کی غزلیں — Yaqoob Tasawwur Ghazals

یعقوب تصور کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

حصول رزق کے ارماں نکالتے گزری (غزل)

حصول رزق کے ارماں نکالتے گزری

حیات ریت سے سکے ہی ڈھالتے گزری

مسافرت کی صعوبت میں عمر بیت گئی

بچی تو پاؤں سے کانٹے نکالتے گزری

ہوا نے جشن منائے وہ انتظار کی رات

چراغ حجرۂ فرقت سنبھالتے گزری

وہ تیز لہر تو ہاتھوں سے لے گئی کشتی

پھر اس کے بعد سمندر کھنگالتے گزری

رسائی جس کی نہ تھی بے کراں سمندر تک

وہ موج نہر بھی چھینٹے اچھالتے گزری

یہی نہیں کہ ستارے تھے دسترس سے بعید

ذرا ذرا سے تمنا بھی ٹالتے گزری

تمام عمر تصورؔ ردائے بخت سیاہ

مشقتوں کے لہو سے اجالتے گزری

مرے چاروں طرف ایک آہنی دیوار کیوں ہے (غزل)

مرے چاروں طرف ایک آہنی دیوار کیوں ہے

اگر سچا ہوں میں سچ کا مقدر ہار کیوں ہے

نشاط و انبساط و شادمانی زیست ٹھہری

تو بتلائے کوئی جینا مجھے آزار کیوں ہے

مسافت زندگی ہے اور دنیا اک سرائے

تو اس تمثیل میں طوفان کا کردار کیوں ہے

جہاں سچ کی پذیرائی کے دعویدار ہیں سب

اسی بزم سخن میں بولنا دشوار کیوں ہے

یقیناً حادثے بھی جزو خاص زندگی ہیں

ہمارا شہر ہی ان سے مگر دو چار کیوں ہے

مری راہوں میں جب ہوتے نہیں کانٹے تصورؔ

میں ڈر کر سوچتا ہوں راستہ ہموار کیوں ہے

ہر دن میں وعدہ کرتا ہوں (نظم)

ہر دن میں وعدہ کرتا ہوں

شام سے پہلے گھر آؤں گا

ہر دن کوئی نہ کوئی مشکل

کوئی نہ کوئی کام ضروری ہے

پتھر بن کر

میرے کانچ کے وعدے سارے

چشم زدن میں کر دیتا ہے ریزہ ریزہ

وعدہ کرتے وقت ہمیشہ میں یہ سوچوں

اس کی محبت سارے کاموں سے افضل ہے

وہ کہ مری غم خوار ہر اک لمحہ ہر پل ہے

کام مگر جب سامنے آئیں

فرض کی اہمیت سمجھائیں

فرض نبھانے کی خاطر میں

روز وفا کو بھینٹ چڑھا دوں

مزید غزلیں از یعقوب تصور ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں